بین الاقوامی خبریں

چین کی کوئلہ کان میں گیس دھماکہ، 82 افراد ہلاک

بیجنگ 23 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) چین کے شمالی صوبہ شانشی میں واقع ایک کوئلہ کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 82 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام چانگژی شہر کی لیوشین یو کوئلہ کان میں پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت کان کے اندر 247 مزدور کام کر رہے تھے۔ پہلے آٹھ افراد کی ہلاکت اور درجنوں مزدوروں کے پھنسے ہونے کی خبر دی گئی تھی، تاہم بعد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 82 ہوگئی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق اب بھی نو افراد لاپتہ ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

شنہوا نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حادثے کے بعد کان انتظامیہ سے وابستہ بعض عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ Xi Jinping نے زخمیوں کے علاج اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حکومت کو حادثے کی مکمل جانچ کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔

چین کی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق چھ امدادی ٹیموں کے 345 اہلکار جائے حادثہ پر روانہ کیے گئے ہیں۔ سرکاری ٹی وی فوٹیج میں بڑی تعداد میں امدادی کارکنوں اور طبی ٹیموں کو کان کے مقام پر پہنچتے ہوئے دکھایا گیا۔

واضح رہے کہ 2000ء کے اوائل میں چین کی کوئلہ کانوں میں مہلک حادثات عام تھے، تاہم حالیہ برسوں میں حفاظتی اصول سخت کیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button