چین میں کرونا لہر ’بے قابو‘،محض ایک شہر میں روزانہ پانچ لاکھ نئے کیس درج
میڈیا کے مطابق چین کے صرف ایک شہر میں روزانہ پانچ لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔
بیجنگ، 24دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) میڈیا کے مطابق چین کے صرف ایک شہر میں روزانہ پانچ لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کے محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ غیرمعمولی اعتراف کیا جس کو فوری طور پر سنسر کر دیا گیا۔چین کی حکومت میں ملک میں کورونا کی نئی لہر سے متاثر ہونے والے افراد کے درست اعداد وشمار سرکاری طور پر ظاہر نہیں کر رہی۔عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے سخت اقدامات کو چین کی حکومت نے رواں ماہ تیزی سے ختم کر دیا تھا جس کے خلاف شہریوں میں غم و غصہ تھا۔
چین نے گزشتہ کافی عرصے تک زیرو کووڈ پالیسی کے تحت وبا کی روک تھام کے لیے سنیپ لاک ڈاؤن، طویل قرنطینہ اور سفری پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔چینی شہری انفیکشن کے بڑھتے کیسز کے باعث ادویات کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں جہاں فارمیسیوں کے شیلف خالی اور ہسپتالوں کے وارڈز مریضوں سے بھر رہے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق چین میں اموات میں اضافے کے باعث مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لواحقین کو طویل انتظار کا سامنا ہے۔
چین میں حکام نے وائرس کے ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کا انتظامی حکم ختم کر دیا ہے اور کورونا کے باعث موت کی تعریف کو محدود کرنے سے ماہرین کو خدشہ ہے کہ متاثرین کی اصل تعداد سامنے نہیں آ سکے گی۔گذشتہ روز چنگ ڈاؤ سے شائع ہونے والے حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ایک اخبار نے رپورٹ دی کہ میونسپل ہیلتھ چیف نے کہا ہے کہ شہر میں یومیہ پانچ لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں۔میونسپل ہیلتھ چیف باؤ تاؤ نے کہا کہ شہر میں انفیکشن بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ساحلی چنگ ڈاؤ کی آبادی ایک کروڑ کے لگ بھگ ہے۔اس رپورٹ کو دیگر کئی اخبارات نے بھی حوالے کے ساتھ شیئر کیا تاہم سنیچر کی صبح ایڈٹ کر کے کورونا کیسز کے اعداد و شمار ہٹا دیئے گئے۔
چین میں کورونا کیسز کی تعداد تبدیل کیے جانے کا انکشاف
چین میں سرکاری اعداد و شمار کے برعکس کورونا کے بہت زیادہ کیسز سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے ایک محکمہ صحت کے اہلکار نے کہا ہے کہ صرف ایک شہر میں روزانہ کی بنیاد پر 5 لاکھ کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق چین کے کئی شہروں میں کورونا کیسز کے اعداد و شمار میں سرکاری سطح پر ردو بدل کیا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق چین میں اسی ماہ کورونا پابندیوں کو تقریباً ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد کیسز بڑھنا شرو ع ہوگئے ہیں۔چین میں اگلے برس کورونا سے 10 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔عالمی ادارہ صحت بھی چین میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔



