چین میں انوکھی سرجری: فیکٹری حادثے میں کٹا ہوا کان 5 ماہ تک پاؤں سے جوڑ کر محفوظ رکھا گیا
چین میں فیکٹری حادثے کے بعد خاتون کا کان پاؤں سے جوڑ کر محفوظ رکھنے کی انوکھی سرجری
بیجنگ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین کے مشرقی شہر جی نان میں پیش آنے والے ایک ہولناک فیکٹری حادثے کے بعد ڈاکٹروں نے ایسی انوکھی سرجری انجام دی جس نے دنیا بھر میں طبی ماہرین کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً پانچ ماہ قبل ایک فیکٹری میں کام کے دوران خاتون کے بال اچانک مشینری میں پھنس گئے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور گردن کی جلد کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بایاں کان مکمل طور پر کٹ کر الگ ہو گیا۔
حادثے کے فوراً بعد خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچا لی، تاہم کان کو فوری طور پر اصل جگہ پر جوڑنا ممکن نہیں تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اگر اس مرحلے پر کان کو سر پر لگایا جاتا تو خون کی نالیاں ناکام ہو سکتی تھیں، جس سے کان ہمیشہ کے لیے ضائع ہونے کا خدشہ تھا۔
اسی خطرے کے پیش نظر چینی ڈاکٹروں نے ہٹروٹوپک گرافٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے تحت کٹے ہوئے کان کو عارضی طور پر خاتون کے پاؤں سے جوڑ دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاؤں کی جلد پتلی ہوتی ہے اور وہاں خون کی نالیوں کا نظام بہتر طور پر ہم آہنگ ہو جاتا ہے، جو کان کے حصے میں خون کی روانی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ پیچیدہ سرجری تقریباً 10 گھنٹے تک جاری رہی۔ ابتدائی دنوں میں کان کی حالت تشویشناک رہی، تاہم خون کی روانی معمول پر آنے کے بعد جلد کی رنگت بھی آہستہ آہستہ نارمل ہونے لگی، جس سے ڈاکٹروں کو کامیابی کی امید ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو مکمل صحت یاب ہونے میں پانچ ماہ کا طویل عرصہ لگا۔ اس دوران بایاں کان پاؤں سے منسلک رہا، خاتون نے روزمرہ زندگی کے لیے ڈھیلے جوتے استعمال کیے اور خون کی گردش بہتر رکھنے کے لیے تیز قدموں سے واک بھی جاری رکھی۔
بالآخر اکتوبر میں سرجنز کی ایک خصوصی ٹیم نے کامیاب آپریشن کے ذریعے خاتون کے کان کو اس کی اصل جگہ پر واپس لگا دیا۔ اگرچہ یہ مرحلہ بھی نہایت پیچیدہ تھا، تاہم ڈاکٹروں نے کامیابی سے خاتون کا بایاں کان دوبارہ بحال کر دیا۔
طبی ماہرین کے مطابق یہ کیس جدید سرجری اور انسانی جسم کی حیران کن صلاحیتوں کی ایک شاندار مثال ہے، جسے مستقبل میں پیچیدہ اعضا کی پیوندکاری کے لیے ایک اہم حوالہ قرار دیا جا رہا ہے۔



