بین الاقوامی خبریں

چین میں زلزلے سے بچانے والا ہیرو 15 سال بعد دلہن کا دولہا بن گیا

یہ انوکھی کہانی 15 برس بعد ایک خوبصورت انجام تک پہنچی۔

بیجنگ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین میں ایک دل کو چھو لینے والی حقیقی محبت کی کہانی نے لوگوں کے دل جیت لیے، جہاں ایک چینی خاتون نے اُس شخص سے شادی کرلی جس نے اسے بچپن میں تباہ کن زلزلے کے دوران ملبے سے زندہ نکالا تھا۔ یہ انوکھی کہانی 15 برس بعد ایک خوبصورت انجام تک پہنچی۔

دلہن لیو ژیمئی اور دولہا لیانگ ژی بن کا رشتہ 2008 کے ہولناک وینچوان زلزلے سے جڑا ہے، جب 22 سالہ فوجی اہلکار لیانگ کو ریسکیو مشن پر بھیجا گیا تھا۔ ملبے میں دبے 11 سالہ لیو کو نکالنے کے لیے لیانگ اور ان کی ٹیم نے تقریباً چار گھنٹے تک مسلسل ملبہ ہٹایا اور معجزانہ طور پر اسے زندہ بچا کر اسپتال منتقل کیا۔

صحت یاب ہونے کے بعد لیو اپنے خاندان کے ساتھ ہونان کے شہر ژوجو منتقل ہوگئی، اور وقت کے بہاؤ نے اس بہادر فوجی کی یادیں دھندلی کر دیں۔

اصل موڑ 2020 میں اس وقت آیا جب لیو اپنی والدہ کے ساتھ چانگشا کے ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھی تھی۔ لیو کی والدہ نے اچانک لیانگ کو پہچان لیا۔ لیو نے ہمت کر کے ان سے بات کی، اور یوں برسوں بعد دونوں کے درمیان دوبارہ رابطہ بحال ہوا۔

بعدازاں لیو نے انہیں سوشل میڈیا پر ایڈ کیا اور بات چیت شروع کی۔ وقت گزرنے کے ساتھ لیو نے محسوس کیا کہ اس کے جذبات بدل رہے ہیں اور یہ رشتہ محض احترام نہیں بلکہ سچی محبت ہے۔ آخرکار اس نے اعترافِ محبت کر لیا۔

لیانگ بھی لیو کی سچائی، شفقت اور مثبت شخصیت سے متاثر ہوئے اور اسے “اپنی زندگی کی روشنی” قرار دیا۔ دونوں خاندانوں کی رضامندی سے یہ رشتہ شادی میں بدل گیا۔

اس جوڑے کی تصاویر اور کہانی چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جہاں صارفین اسے تقدیر کا لکھا ہوا عشق اور حقیقی پریوں کی کہانی قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button