قومی خبریں

ہند -بنگلہ دیش بارڈر پر گرفتار چینی شہری نکلا جاسوس ،گزشتہ دو سال میں تین بارکیا دہلی کا سفر

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ملک میں کرونا وبا کے درمیان گزشتہ جمعرات کو بی ایس ایف نے بنگلہ دیش کی سرحد سے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے والے ایک چینی شہری کو گرفتار کرلیا۔ یہ چینی شہری مغربی بنگال کے مالدہ میں داخل ہوتے وقت پکڑا گیا تھا۔ اب تک کی تفتیش میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ یہ چینی شہری ایک ’جاسوس‘ ہے۔ اس کا نام ہان جو نوی اور عمر 36 سال ہے۔ جونوی غلط ارادے سے ہندوستانی سرحد میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔

اسی لئے اسے سرکاری طور پر گرفتار کرلیا گیا ۔ واضح ہو کہ کچھ عرصہ قبل اس کے ایک ساتھی کو اتر پردیش پولیس کے اے ٹی ایس نے گرفتار کیا تھا۔ ہان جونوی اور ان کی بیوی بھی اس کیس میں شریک ملزم ہیں۔ اسے ہندوستان کا ویزا نہیں مل رہا تھا کیونکہ وہ ہندوستان میں مطلوب تھا۔پوچھ گچھ کے دوران ہان جونوی نے انکشاف کیا کہ اس کا ساتھی ہر ماہ بھارت سے 10-15 ہندوستانی سم کارڈ چین بھیجتا تھا۔ گرفتارملزم نے بتایا کہ اس کا گروگرام میں ایک ہوٹل ہے ، جس میں کئی چینی شہری کام کر تے ہیں۔

اس کے پاس سے چینی پاسپورٹ ، ایک ایپل لیپ ٹاپ ، 02 آئی فون موبائل ، 1 بنگلہ دیشی سم ، 1 ہندوستانی سم ، 2 چینی سم ، 2 پین ڈرائیو ، 3 بیٹریاں ، دو اسمال ٹارچ ، 5 منی ٹرانزیکشن مشین، 2 اے ٹی ایم کارڈ ،امریکی ڈالر ، بنگلہ دیشی ٹاکا(روپیہ)بر آمد ہوئی۔

چینی جاسوس ہان جونوی ہند بنگلہ دیش سرحد پر مالدہ ضلع میں سلطان پور بی او پی کے قریب چور راستے سے بنگال میں داخل ہونا چاہتا تھا ، لیکن وہاں تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا، اس نے بھاگنے کی بھی کوشش کی، تاہم گرفت سے بچ نہ سکا۔تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ وہ سال 2010 میں پہلی بار حیدرآباد آیا تھا۔ جبکہ دہلی-گروگرام سال 2019 کے بعد تین بار آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button