Chinese samosa رمضان میں سموسہ اور پکوڑی کے بغیردستر خوان ادھورا سا لگتا ہے اور سموسہ کی بھی کئی قسمیں ہوتی ہیں۔آلو سموسہ،پنیر سموسہ،قیمہ سموسہ،لیکن آج ہم آپ کوبتاتے ہیں چایئنیز سموسہ بنانے کا طریقہ۔
رمضان میں عبادت کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی چیزوں کو بھی کافی اہمیت دی جاتی ہے۔سبھی لوگ اپنے دسترخوان کو سجانے کیلئے طرح طرح کا پکوان بناتے ہیں۔
خاص طور سے رمضان میں سموسہ، پکوڑی،چاٹ چنا چاٹ اور کافی نئی نئی ڈش بنائی جاتی ہیں۔ اور اس کے بغیردستر خوان ادھورا سا لگتا ہے، آج ہم آپ کوبتاتے ہیں چایئنیز سموسہ بنانے کا طریقہ۔ایک خاص بات یاد رکھیں کہ آپ اس کو پہلے ہی تیار کرکے بھی رکھ سکتے ہیں اور افطار کے آخری وقت کے حساب سے آپ اس کو فرائی کرکے دستر خوان پر سجا دیں۔
اجزا: چکن بریسٹ کا پیس ایک عدد، بند گوبھی باریک کٹی ہوئی آدھا کپ، ہری پیاز باریک کٹی ھوئی آدھا کپ، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک ٹی اسپون، سویا سوس دو ٹیبل اسپون، سرکہ ایک ٹیبل اسپون، لہسن پسا ہوا آدھا ٹی اسپون، سموسے کی پٹیاں دس عدد، انہیں رول بھی بناسکتے ہیں اس کے لئے رول کی پٹیاں لیں، تیل فرائی کے لئے حسب ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے آپ اچھے سے لیمو کے پانی سے یا دہی سے چکن دھو کر رکھ لیں۔ ایک فرائی پین میں ایک ٹیبل اسپون تیل گرم کرلیں، اس میں پسا ہوا لہسن ڈال لیں اور چکن بریسٹ اس میں ڈال لیں۔ اب یہ آپ کے اوپر ہے کہ آپ چکن بغیرہڈی کا لینا چاہیں تو بھی لے سکتی ہیں ورنہ برسٹ پیس ہڈی والا لے کر آئل میں ڈال کر ہلکا سا تل کر ڈھک کر ہلکی آنچ پہ رکھ دیں جب تک چکن اپنے ہی پانی میں گل جائے گی۔ جب چکن گل جائے تو ہڈی الگ کرلیں اوراسکا ریشہ کرلیں ۔تمام سبزیاں دھوکر باریک کاٹ لیں سردیوں میں آپ اس میں باریک گاجر اور ابلے مٹر بھی ملاسکتے ہیں ۔اب ایک پیالے میں چکن کا ریشہ سبزیاں نمک کالی مرچ سویاسوس سرکہ سب ملالیں بہت اچھی طرح مکس کرکے ایک گھنٹہ فریج میں رکھیں۔تاکہ چکن میں ذائقہ آجائے۔
اب سموسے کی یا رول کی پٹی کو حسب ضرورت کاٹ کر اس میں یہ تیار فلنگ ایک ٹیبل اسپون بھر دیں اور آٹے کی لئی سی بناکر کناروں کو چپکادیں۔ اگر پہلے سے بناکر رکھیں تو اب انھیں کسی ائیر ٹائٹ ڈبے میں رکھ کر فریز کردیں یہ دس دن آرام سے رہ جائیں گے ۔
ایک بڑی اور پھیلی ہوئی کڑھائی میں ڈیپ فرائی کے لئے تیل گرم کریں اور سموسوں کو سنہری یعنی گولڈن فرائی کرلیں ۔افطار کے علاوہ آپ شام کی چائے پہ یا پکنک پہ بھی بناکر لے جا سکتے ہیں اپنی پسند کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ چائنیز سموسے کا مزہ لیں۔



