قومی خبریں

حا ملہ خواتین کی ملازمت کیلئے عارضی نااہلی والا سرکلر واپس لے لیا گیا

نئی دہلی،29جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اسٹیٹ بینک آف انڈیا  The State Bank of India نے حاملہ خواتین کی تقرری سے متعلق سرکلر کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بینک نے ہفتہ کو اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا۔ تنقید کا سامنا کرنے کے بعد ملک کے سب سے بڑے بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) نے ہفتے کے روز حاملہ خواتین کی بھرتی پر اپنے سرکلر کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایس بی آئی نے حال ہی میں اپنے بینکوں میں بھرتی کے لیے فٹنس معیارات کا جائزہ لیا تھا، جس میں حاملہ خواتین امیدواروں کے لیے کچھ معیارات وضع کیے گئے تھے۔ نئے قوانین کے تحت تین ماہ سے زیادہ حمل والی خاتون امیدوار کوعارضی طور پر نااہل تصور کیا جائے گا اور وہ ڈلیوری کے بعد چار ماہ کے اندر بینک میں جا سکتی ہے۔ایس بی آئی کے اس اقدام کی ٹریڈ یونینوں اور دہلی کمیشن برائے خواتین سمیت مختلف لوگوں نے تنقید کی تھی۔

بینک نے ایک بیان میں کہا کہ عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ایس بی آئی نے حاملہ خواتین امیدواروں کی بھرتی سے متعلق نظر ثانی شدہ ہدایات کو روکنے اور موجودہ ہدایات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل دہلی کمیشن برائے خواتین The Delhi Commission For Women نے ہفتے کے روز اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو ایک نوٹس جاری کیاتھا، جس میں نئے رہنما خطوط کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیاتھا، جس کے تحت نئی بھرتی کی صورت میں جو خواتین تین ماہ سے زیادہ مدت کی حاملہ ہوں ، انہیں عارضی طور پر نااہل سمجھا جائے گا۔

اس سے قبل حمل کے چھ ماہ تک خواتین امیدواروں کو مختلف شرائط کے تحت بینک میں تقررکیا جاتا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button