قومی خبریں

جموں میں ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین تصادم، 3 ملی ٹینٹ ہلاک

اطلاعات کے مطابق جموں صوبے کے سدھرا علاقے میں بدھ کی صبح ایک ٹرک کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا

سری نگر،28دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جموں کے سدھرا علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین مختصر تصادم میں 3 عدم شناخت ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق جموں صوبے کے سدھرا علاقے میں بدھ کی صبح ایک ٹرک کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا جس دوران مستعد اہلکاروں نے ٹرک کو روک کرڈرائیور کو نیچے اتارا تاہم ڈرائیورسیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جوں ہی ٹرک کی تلاشی لینا چاہی تو اْس میں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ مستعد اہلکاروں نے جوابی کارروائی شروع کی اور ایک گھنٹے تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بیچ ٹرک سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز ٹرک سے تین عدم شناخت ملی ٹینٹوں کی نعشیں برآمد کیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے

کہ مفرور ٹرک ڈرائیور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 26جنوری کے پیش نظر جموں بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح ہاوے پر تعینات اہلکاروں نے ایک مشکوک ٹرک کو دیکھا جس کے بعد سلامتی عملے نے ٹرک کا پیچھا کیا۔انہوں نے بتایا سدھر ا کے مقام پر سیکورٹی فورسز نے ٹرک کو روک کر اْس میں سوار ڈرائیور کو نیچے اْتارا تاہم ڈرائیور جائے موقع سے فرار ہوا۔اے ڈی جی پی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ٹرک کی تلاشی لینا چاہی تو اسی اثنا میں اْس میں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے کہاکہ سلامتی عملے نے بھی جوابی کارروائی شروع کی اور ایک گھنٹے تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس دوران ملی ٹینٹوں نے بے تحاشہ گرینیڈس کا استعمال کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button