بین ریاستی خبریں

اُترکاشی میں بادل پھٹنے کا قہر: 4 جاں بحق، 60 افراد لاپتہ، کئی مکانات تباہ

مقامی لوگ خوف کے سائے میں رات گزارنے پر مجبور

ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع کے دھرالی علاقے میں بادل پھٹنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا، جس سے پورے خطے میں تباہی مچ گئی۔ قدرتی آفت کے اس واقعہ میں اب تک کم از کم 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 12 افراد کے ملبے میں دبنے کی اطلاعات ہیں۔ انتظامیہ کو اندیشہ ہے کہ تقریباً 60 لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔

یہ ہولناک واقعہ دھرالی کے کھیرگاڑ علاقے میں پیش آیا، جہاں بادل پھٹنے کے سبب آبی سطح یکایک بڑھ گئی اور سیلاب کا پانی تیزی سے نیچے کی جانب آیا، اپنے ساتھ مٹی، پتھر اور درختوں کا ملبہ لے آیا۔ کئی مکانات، دکانیں اور ہوٹل اس تباہی کی زد میں آ گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صرف چند لمحوں میں پورا علاقہ پانی میں ڈوب گیا، لوگ چیختے پکار رہے تھے اور بے بسی کی تصویر بنے کھڑے تھے۔ ویڈیوز میں پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ مکانات کو بہتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

ملبے اور پانی نے دھرالی مارکیٹ کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی ہوٹلوں میں پانی بھر گیا ہے، جبکہ گھروں کے اندر بھی ملبہ داخل ہو گیا ہے۔ مقامی لوگ خوف کے سائے میں رات گزارنے پر مجبور ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری متحرک ہو گئیں۔ ایس ڈی آر ایف، پولیس، اور فوج کی آفات مینجمنٹ ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ بھٹواڑی سے روانہ کی گئی ایس ڈی آر ایف ٹیم دھرالی میں امدادی کارروائی میں مصروف ہے۔

اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ہرسل کے قریب دھرالی میں بادل پھٹنے کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں اور نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔‘‘

اترکاشی پولیس نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں سے دور رہیں۔ "براہ کرم اپنے اہل خانہ، بچوں اور مویشیوں کو ندیوں سے دور رکھیں، کیونکہ صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔”

 

متعلقہ خبریں

Back to top button