پی ایم مودی سے بھی اپیل
نئی دہلی ،6نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی حکومت کی’ پردھان منتری غریب کلیان ان یوجنا ‘ کے تحت مفت راشن کی تقسیم بھلے ہی 30 نومبر کے بعد آگے نہ بڑھے، لیکن کجریوال حکومت نے دہلی کے لوگوں کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ دہلی حکومت نے اپنی مفت راشن اسکیم کو اگلے چھ ماہ تک توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے ہفتہ کو ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی ۔ انہوں نے لکھا کہ مہنگائی بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ عام آدمی کو دو وقت کی روٹی ملنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے بہت سے لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ سی ایم کجریوال نے پی ایم نریندر مودی کو خط لکھ کر مرکز کی مفت راشن اسکیم کو چھ ماہ تک بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ دہلی حکومت نے آج اپنی مفت راشن اسکیم کو 6 ماہ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
مارچ 2020 میں کورونا بحران کے دوران لوگوں کی مدد کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ تین ماہ کے لیے لاگو اسکیم کو بحران کے جاری رہنے کے بعد نومبر 2020 تک بڑھا دیا گیاتھا۔ایک بار بند ہونے کے بعد اسے ایک بار پھر 2021 میں کورونا کی دوسری لہر کے بحران کی وجہ سے لاگو کردیاگیا۔
اس بار اس کا دورانیہ دو ماہ یعنی مئی جون تک تھا۔ جب بحران گہرا ہوا تو اسے ایک بار پھر نومبر 2021 تک بڑھا دیا گیا۔ اگلی 30 نومبرکی تاریخ اس اسکیم کی آخری تاریخ تھی ۔جمعہ کو مرکزی خوراک کے سکریٹری سدھانشو پانڈے نے کہا کہ OMSS پالیسی کے تحت معیشت میں بہتری اور کھلے بازار میں اناج کی اچھی فروخت کے پیش نظر پی ایم جی کے اے وائی کے ذریعہ مفت راشن کی تقسیم کو نومبر سے آگے بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ کجریوال نے دہلی حکومت کی اس اسکیم کو بڑھانے کا اعلان کیا۔



