پٹنہ20دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ کے قومی صدر جیتن رام مانجھی کی مشکلات اب بڑھ سکتی ہیں۔ مانجھی کے خلاف اب پٹنہ میں شکایت درج کرائی گئی ہے، جو برہمنوں کوبرابھلاکہنے کے جرم میں پھنس گئے ہیں۔
جیتن رام مانجھی کے خلاف پٹنہ کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ راجنیش کمار تیواری نے بہار نیشنل برہمن مہاسبھا کی جانب سے مانجھی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مانجھی کے برہمنوں کو گالی دینے سے سماج کے لوگوں کو تکلیف پہنچی ہے۔
تیواری نے سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔بھویاں مشر سماج کے ایک پروگرام کے دوران بولتے ہوئے مانجھی نے پنڈتوں کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کیاہے جس کے بعد بہار کی سیاست میں کافی ہنگامہ ہوا ہے۔
پنڈتوں کے خلاف بولتے ہوئے مانجھی نے کہا تھا کہ پنڈت دلت سماج کے لوگوں کے گھر پوجا کرتے ہیں لیکن ان کے گھر کا کھانا نہیں کھاتے اور صرف نقدی لیتے ہیں۔مانجھی کے اس بیان کے بعد بہار کی سیاست میں طوفان آگیا اور مانجھی کو پنڈتوں کوبرابھلاکہنے پر معافی مانگنی پڑی۔
مانجھی نے بھلے ہی اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہو، لیکن برہمن سماج کے لوگ اس سے کافی ناراض ہیں۔
اس لیے ان کے خلاف پٹنہ کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔



