قومی خبریں

سلطان پور کورٹ میں وزیر داخلہ امیت شاہ کیخلاف شکایت درج

بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ مل کر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو شکایت

سلطان پور،7جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کیخلاف سلطان پور کے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ یہ شکایت امیت شاہ کے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں کیے گئے تبصرے سے متعلق ہے۔اسپیشل مجسٹریٹ شوبھم ورما نے 15 جنوری کوعرضی گزار رام کھیلاون کی درخواست پر سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔درخواست گزار رام کھیلاوان نے بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے 17 دسمبر 2024 کو ہندوستان کے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کیخلاف ایوان میں ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ امبیڈکر-امبیڈکر ایک فیشن بن گیا ہے۔ اگر بھگوان کا اتنا نام لیا ہوتا تو کامیاب ہو جاتے۔

عرضی گزار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے تبصرے اسی شخص کیخلاف کیے گئے جس کی وجہ سے آج امیت شاہ وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز ہیں، جس شخص کو کروڑوں غریب مزدور اپنا ’مسیحا‘ مانتے ہیں اس سے کروڑوں لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ میرے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔منگل کو ایم پی ایم ایل اے عدالت میں سماعت کے دوران رام کھیلاون نے عدالت کو بتایا کہ 24 دسمبر 2024 کو انہوں نے بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ مل کر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو شکایت دی تھی۔ اس کے علاوہ کارروائی کے لیے رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے ان کو شکایت بھی بھیجی گئی۔ لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس لیے اب ہم انصاف کے لیے عدالت پہنچے ہیں۔

مدعی کے وکیل جے پرکاش نے بتایا کہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں بابا صاحب امبیڈکر کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا تھا، جس میں امبیڈکر کے تئیںتوہین پوشیدہ تھی، شکایت کنندہ رام کھیلاون نے اس معاملے کو لے کر عدالت میں شکایت درج کرائی ہے۔قابل ذکر ہے کہ امیت شاہ کے بیان کی سخت مخالفت کی گئی تھی۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے ملک بھر میں احتجاج کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی یوپی میں سماج وادی پارٹی نے امیت شاہ کیخلاف مختلف مقامات پر دھرنے اور احتجاج کیا تھا۔ کچھ دنوں کے بعد بہوجن سماج پارٹی بھی اپوزیشن پارٹیوں کو دیکھتے ہوئے اپنے کارکنوں کے ساتھ سڑکوں پر آئی اور امیت شاہ کے بیان کیخلاف احتجاج کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button