بہار کے مظفر پور میں ملکارجن کھرگے کیخلاف درج شکایت
کھرگے پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا
مظفر پور ، 28جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)یوپی کے پریاگ راج میں مہاکمبھ میلے میں ’’اسنان‘‘ کے متعلق بیان پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ ان کیخلاف مظفر پور میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ مظفر پور سول کورٹ کے ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ اس معاملے کی سماعت 3 فروری کو ہوگی۔مدعی وکیل سدھیر اوجھا نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس صدر نے سیاسی فائدے کے لیے ہندوؤں کے جذبات سے کھیلا ہے۔ مدھیہ پردیش میں ایک ریلی کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ گنگا میں نہانے سے نہ غربت دور ہوتی ہے اور نہ ہی بے روزگاری دور ہوتی ہے۔ ایڈوکیٹ سدھیر اوجھا نے کھرگے پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملکارجن کھڑگے کے بیان سے ہندو پیروکاروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ 3 فروری 2025 مقرر کی ہے۔عدالت میں دائر شکایت میں تعزیرات ہند (IPC) کی مختلف دفعات کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور نقض امن کے الزامات شامل ہیں۔خیال رہے کہ مدھیہ پردیش میں ریلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کو نشانہ بناتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا تھا کہ ان لوگوں نے گنگا میں ڈبکی لگانے کا مقابلہ منعقد کیا ہے۔ لیکن کیا گنگا میں نہانے سے غربت دور ہوسکتی ہے؟ کیا بھوکوں کو روٹی مل سکتی ہے؟’اگر کسی کو میری باتوں سے تکلیف پہنچتی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ میں کسی کے ’آستھا‘ کو ٹھیس پہنچانا نہیں چاہتا۔ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت خواہ ہوں۔



