ٹویٹر کے ایم ڈی منیش مہیشوری کی مشکلات میں اضافہ ہندو دیوی کی توہین کے معاملے میں شکایت درج
نئی دہلی،4جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ٹویٹر کی ہندوستان میں پریشانیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ #ٹویٹر (Twitter) کے ایم ڈی منیش مہیشوری کے خلاف دہلی میں ایک اور شکایت درج کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ آدتیہ سنگھ دیشوال نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں این جی او ایتھسٹ ریپبلک کے ساتھ ہی ٹویٹر کے ایم ڈی منیش مہیشوری کے خلاف دہلی پولیس کے سائبر سیل میں #شکایت #درج کروائی ہے۔
ایڈوکیٹ آدتیہ کا کہنا ہے کہ این جی او کے ایتھسٹ ریپبلک نے ماں کالی کی ایک قابل اعتراض تصویر پوسٹ کی۔ اس سلسلے میں ٹویٹر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ یہ مواد نہ صرف غلط ہے بلکہ معاشرے میں نفرت اور عداوت کو بھی جنم دیتا ہے۔ شکایت کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
کہاجارہا ہے کہ جلد ہی اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے۔ اس سے قبل بھی غازی آباد معاملے میں وائرل ٹویٹ کے لئے ٹویٹر انڈیا اور اس کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔ شکایت کنندہ دیشوال نے کہا کہ ٹویٹر اور ایتھسٹ ریپبلک کے بانی ارمین نوابی جولائی 2011 سے گستاخانہ مواد شیئرکئے ہیں۔
دوسری طرف بطور اہم سوشل میڈیا ثالث (ایس ایس ایم این) نے اس طرح کے مواد کو ہٹانے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا ہے۔ اس طرح ٹویٹر واضح طور پر ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جرم کے ساتھی کے طور پر کام کر رہا ہے۔ ساتھ ہی اس طرح کے گستاخانہ اور توہین آمیز مواد بھی دکھا رہا ہے۔



