بلادِ اسلامیہ اسرئیل سے مکمل طور پر تعلقات توڑلیں: علی خامنہ ای
سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کے بعض موقف اور بیانات غلط ہیں
تہران، 24جنوری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایسا مطالبہ نہ کریں جو ان کے بس میں ہی نہیں ہے بلکہ اسرائیل کے اختیار میں ہے۔ مسلم ممالک وہ مطالبہ کریں جو ان کے اپنے کنٹرول میں ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے ’ ارنا ‘ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کے بعض موقف اور بیانات غلط ہیں۔ جیساکہ ان کی طرف سے غزہ میں سیز فائرکے حق میں بیانات ہیں۔ یہ بیانات ان کے بس میں نہیں ہیں، بلکہ یہ صہیونی ریاست کے کنٹرول میں ہے۔علی خامنہ ای نے کہاکہ اس لئے مسلم ممالک کو وہ کرناچاہئے جو ان کے کنٹرول اور اختیار میں ہو سکتا ہے۔
ان کے بقول مسلم ممالک کے بس میں یہ ہے کہ یہ ہے کہ یہ اسرائیل کی رگیں کاٹ دیں۔ اس مقصد کے لئے اسرئیل کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات اور معاہدات کو توڑ ڈالیں اور اسرائیل کی مدد کا ذریعہ نہ بنیں۔واضح رہے اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ کے دوران یہ چوتھا موقع ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر نے مسلم ممالک سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور معاہدات کے خاتمے کی بات کی ہے۔اب تک اسرائیلی بمباری سے غزہ میں پچیس ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، ان میں بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے،جبکہ بیس لاکھ سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔



