پرینکا گاندھی کا مرکز پر حملہ: پی ایم اور اُن کے دوستوں کی سانٹھ گانٹھ پر اٹھ رہی آوازوں کے پیچھے ایجنسیوں کو لگا یا گیا
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز اور پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا
نئی دہلی، 21فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز اور پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس کے اجلاس میں خلل ڈالنے اور اڈانی کیس سے توجہ ہٹانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم صاحب کے دوست گوتم اڈانی پر شیل کمپنیوں کے ذریعے گھپلا اور دیگر کئی سنگین الزامات عائد ہوئے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو کوئی بھی ایجنسی اس کی جانچ کرتے نظر آئی؟ لیکن کانگریس کنونشن میں رخنہ ڈالنے کے لئے مودی جی اور ان کے دوست کے بیچ کی سانٹھ گانٹھ پر اٹھ رہی آوازوں پر ایجنسیاں لگا دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس نڈر ہو کر ملک کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ کانگریس کے اجلاس میں ہم مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف بلند آواز اٹھانے کا عزم کریں گے۔ کٹھ پتلی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر آپ ملک کی آواز کو دبا نہیں سکتے۔وہیں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش سنگھ بگھیل نے بھی ٹوئٹ کرکے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ بگھیل نے سوشل میڈیا پر لکھاکہ لاکھ روکنے کی کوششیں ہوں، ہم کامیاب ہوں گے، سچ کے سامنے ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے مزید لکھاکہ 85واں کانگریس کا اجلاس تاریخی ہے لیکن اس کی کامیابی کو بی جے پی آسانی سے نہیں بھولے گی۔



