کانگریس لیڈر نے اشاروں میں ظاہرکی وزیراعلی بننے کی خواہش ،سنجے راوت نے کہا ڈھائی سال میں وزیر اعلی بدلنے کی باتیں افواہ
نئی دہلی:(اردودنیا/ایجنسیاں)شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت نے کہا ہے کہ ڈھائی سال بعد شیوسینا کا وزیر اعلی بدل دیاجائے گا، یہ باتیں پوری طرح سے افواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تینوں پارٹیوں نے مل کر حکومت تشکیل دی تھی تو انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ادھو ٹھاکرے 5 سال تک وزیر اعلی رہیں گے۔ اب اگر کوئی اس کے بارے میں بات کرے تو یہ جھوٹ اور افواہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔
دراصل مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے اشاروں میں وزیراعلی بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک میٹنگ میں کہا کہ کارکنان چاہتے ہیں کہ میں وزیر اعلی بنوں۔ تاہم ان کے بیان پر این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا ہے کہ سب کو خواب دیکھنے کا حق ہے۔سنجے راوت نے کہاکہ یہ انضمام نہیں بلکہ 3 پارٹیوں کا اتحاد ہے اور ہر ایک اپنی پارٹی کو بڑھانے یا مضبوط کرنے کے لئے آزاد ہے، ہمارا ہر انتخاب مل کر لڑنے کا عہد نہیں ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں مقامی لیڈران فیصلے کرتے ہیں۔ ہم صرف لوک سبھا اور ریاستی انتخابات کیلئے حکمت عملی بناتے ہیں۔دریں اثنا اس سارے معاملے میں بی جے پی لیڈر رام کدم نے دعوی کیا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں سب ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ادھو حکومت کے کام سے ناراض ہے۔
نواب ملک نے بی جے پی کے اس دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہاویکاس اگھاڑی کی حکومت 5 سال نہیں 25 سال تک رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹر میں اچھے کاموں سے ناراض ہے۔



