پاکستان کے ساتھ کرکٹ قومی مفاد کے خلاف ہے، کانگریس نے بی سی سی آئی کو لکھا خط
گورو گوگوئی نے کہا کہ سرحد پار کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا قومی مفاد کے خلاف
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کو خط لکھ کر زور دیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف کسی بھی کرکٹ میچ میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔
گورو گوگوئی نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی برقرار ہے، اس لیے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا "قومی مفاد کے خلاف” ہے۔ ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کا بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان طے ہے۔
انہوں نے بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سائکیا کو لکھے گئے خط میں کہا: "کرکٹ لوگوں کو خوشی دیتی ہے لیکن موجودہ حالات میں قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہئے، ایسے وقت میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ کھیلنا قومی سلامتی پر سمجھوتہ ہوگا۔”
گورو گوگوئی نے کہا کہ بھارت نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پہلگام حملے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے، حتیٰ کہ وزیر اعظم نے بھی سندھ طاس معاہدے سے دستبرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ "پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے خود سیکورٹی خدشات کے نام پر بھارت میں ہاکی کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، ایسے میں کرکٹ تعلقات کی بحالی بھارت کی قومی سلامتی اور سفارتی موقف کو کمزور کر سکتی ہے۔
کانگریس رہنما نے بی سی سی آئی پر زور دیا کہ وہ "واضح موقف” اختیار کرے اور پاکستان کے ساتھ کرکٹ سرگرمیوں سے گریز کرے جب تک حالات سازگار نہ ہوں۔



