قومی خبریں

نصف شب کو سی بی آئی میں تختہ پلٹ کیوں کیاگیا: رافیل معاملے پر کانگریس کا مودی حکومت سے سوال

نئی دہلی ،09؍ نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے رافیل سودے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رافیل معاملے پر مودی حکومت کی طرف سے آپریشن کور اپ چل رہا ہے۔ پورے معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی کیس کو دبانے کے لیے 2018 میں سی بی آئی میں تختہ پلٹ کیا گیا ۔

ہمارا سوال یہ ہے کہ یہ تختہ پلٹ نصف شب کو کیوں کیا گیا ؟ یہ معاملہ 36 ماہ بعد کیوں سامنے آیا؟ 11 اکتوبر 2018 کو ماریشس کی حکومت نے اٹارنی جنرل کے ذریعے سی بی آئی کو رافیل کی خریداری سے متعلق کمیشن کی ادائیگی کے دستاویزات دیئے۔ 23 اکتوبر کوپی ایم کی قیادت والی کمیٹی نے نصف شب کو سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو ہٹا دیا، جو رافیل گھوٹالے پر پردہ ڈالنے کی سازش تھی۔

رافیل گھوٹالہ 60-80 کروڑ کی کمیشن کی ادائیگی نہیں ہے۔ یہ سب سے بڑا دفاعی گھوٹالہ ہے اور صرف ایک آزادانہ تحقیقات ہی اس گھوٹالے کا پردہ فاش کرنے میں کامیاب ہے ۔

کانگریس-یو پی اے حکومت نے بین الاقوامی ٹینڈر کے بعد 526.10 کروڑ روپئے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت رافیل لڑاکا طیارہ خریدنے کے لیے بات چیت کی تھی۔ مودی حکومت نے وہی رافیل لڑاکا طیارہ (بغیر کسی ٹینڈر کے) 1670 کروڑ میں خریدا اور ہندوستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کے بغیر 36 جیٹ طیاروں کی قیمت میں فرق تقریباً 41,205 کروڑ روپئے ہے۔

کیا مودی حکومت جواب دے گی کہ ہم ہندوستان میں بغیر ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ان ہی 36 طیاروں کے لیے 41,205 کروڑ روپئے اضافی رقم کیوں ادا کر رہے ہیں؟

پیسہ کس نے کمایا اور کتنی رشوت دی؟ جب 126 طیاروں کے لیے براہ راست بین الاقوامی ٹینڈر تھا تو وزیر اعظم یکطرفہ طور پر 36 طیارے ’آف دی شیلف‘ کیسے خرید سکتے تھے؟پی ایم مودی سے چار سوال ہیں۔

(۱)انہوں نے ہندوستانی فضائیہ سے مشورہ کیے بغیر رافیل طیاروں کی تعداد 126 سے کم کر کے 36 کیسے اور کیوں کر دی؟

(۲)انہوں نے ہندوستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ایچ اے ایل کے ذریعہ رافیل بنانے سے کیوں انکار کیا؟

(۳)انہوں نے انسداد بدعنوانی کی اس شق کو کیوں منسوخ کر دیا جو ڈیفنس پروکیورمنٹ پروسیجر کے مطابق کسی بھی ٹینڈر کے لیے پیشگی شرط ہے اور یو پی اے کے ذریعے پیش کیے گئے ٹینڈر کا حصہ تھی؟

(۴)انہوں نے رافیل گھوٹالے میں اپنے کردار کی جانچ کا حکم نہ دے کر سشین گپتا کو کیوں بچایا؟

متعلقہ خبریں

Back to top button