بین ریاستی خبریں

 سینئر کانگریس لیڈر شیوراج پاٹل کی بہو  ’زعفرانی خیمہ ‘میں ہوئیں پناہ گزیں 

ڈاکٹر ارچنا پاٹل سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس کے سینئر لیڈر شیوراج پاٹل کی بہو ہیں

ممبئی، 30مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس کے سینئر لیڈر شیوراج پاٹل کی بہو ڈاکٹر ارچنا پاٹل چاکورکر نے ہفتہ کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ارچنا نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کی موجودگی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔ مہاراشٹر میں یہ تازہ ترین پیش رفت ملک میں 19 اپریل سے شروع ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے چند دن پہلے ہوئی ہے۔ارچنا پاٹل نے جمعہ کو نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے جنوبی ممبئی میں ان کی سرکاری رہائش گاہ ساگرمیں ملاقات کی تھی۔

ارچنا پاٹل چاکورکر نے پہلے کہا تھا کہ انہوں نے پیر کو شیوراج پاٹل کے قریبی ساتھی اور سابق ریاستی وزیر بسواراج مرومکر کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہونے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کی وجہ سے یہ منصوبہ ملتوی کر دیا۔ڈاکٹر ارچنا پاٹل سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس کے سینئر لیڈر شیوراج پاٹل کی بہو ہیں۔ وہ اُدگیر میں لائف کیئر اسپتال اور ریسرچ سنٹر کی چیئرپرسن ہیں اور ان کے شوہر شیلیش پاٹل چاکورکر کانگریس کے ریاستی سکریٹری ہیں۔ شیوراج پاٹل 2004 سے 2008 کے درمیان کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت میں مرکزی وزیر داخلہ تھے۔

ارچنا پاٹل کا بی جے پی میں خیرمقدم کرتے ہوئے فڈنویس نے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شیوراج پاٹل بہت طاقتور لیڈر ہیں۔ آج ارچنا پاٹل اپنے خاندان سے ہماری پارٹی میں آ رہی ہیں، یہ بڑی بات ہے۔ شیوراج پاٹل کے پاس بڑی وراثت ہے۔ ارچنا وہ وراثت لے کر آئی ہیں۔ اس سے پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نریندر مودی کی وجہ سے پارٹی میں شامل ہوئی ہیں۔ ارچنا مودی جی کے کام سے متاثر ہیں۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات پانچ مرحلوں میں ہوں گے – 19 اپریل، 26 اپریل، 7 مئی، 13 مئی اور 20 مئی۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

مہاوتی میں سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں دیویندرفڈنویس نے کہا کہ ابھی چار سے پانچ سیٹوں پر بات چیت جاری ہے۔ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں، دو دن میں حل ہو جائے گا۔ دیویندر فڑنویس نے لاتور صدر سے کانگریس ایم ایل اے اور سابق وزیر اعلی ولاس راؤ دیشمکھ کے بیٹے امیت دیشمکھ کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیت دیشمکھ اور امباداس دانوے ہم سے رابطے میں نہیں ہیں۔ آج کوئی اور شرکت نہیں کرے گا۔ مراٹھواڑہ کے ایک بڑے لیڈر پہلے ہی پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں، کوئی دوسرا بڑا لیڈر نہیں بچا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button