بین الاقوامی خبریں

سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کا نام تبدیل کرنے پر غور: رپورٹ

واشنگٹن، 20اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)معروف سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کا نام اب شاید فیس بک نہ رہے۔ کیوں کہ کمپنی اپنا نام تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ نام کی تبدیلی کا مقصد فیس بک کی شناخت کو تبدیل کرنا ہے تاکہ وہ صرف ایک سوشل میڈیا کمپنی کے طور پر نہ جانی جائے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ٹیکنالوجی کی معلومات دینے والی امریکی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فیس بک کی 28 اکتوبر کو ہونے والی سالانہ کنیکٹ کانفرنس میں کمپنی کے مالک مارک زکر برگ کمپنی کے نام کی تبدیلی پر بھی بات کریں گے۔

Join Urdu Duniya WhatsApp Group.

دی ورج کے مطابق کمپنی کا نیا نام فی الحال تو صیغہ راز میں ہے لیکن سالانہ کانفرنس سے قبل منظر عام پر آسکتا ہے۔ نام کی تبدیلی کے بعد فیس بک کی سوشل میڈیا ایپلی کیشن پیرنٹ کمپنی کی ملکیت مختلف مصنوعات میں سے ایک بن کر رہ جائے گی جیسے انسٹاگرام یا واٹس ایپ وغیرہ۔ البتہ فیس بک نے اس خبر پر کوئی رائے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افواہوں اور قیاس آرائیوں پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

فیس بک کے نام کی تبدیلی کی یہ خبریں ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب امریکی حکومت فیس بک کی کاروباری پالیسیوں پر اسکروٹنی بڑھا رہی ہے اور امریکی کانگریس میں بھی فیس بک پر بات ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ فیس بک کے 10 ہزار سے زائد ملازمین ہارڈ ویئرز پر کام کر رہے ہیں جن میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے اے آر گلاسز ہیں۔

جن کے بارے میں مارک زکر برگ کو یقین ہے کہ یہ اسمارٹ چشمے جلد ہی موبائل فونز کی طرح دنیا بھر میں دکھائی دیں گے۔ مارک زکر برگ نے رواں برس جولائی میں دی ورج کو بتایا تھا کہ آئندہ کچھ برسوں میں وہ کچھ واضح تبدیلیاں کریں گے تاکہ لوگ فیس بک کو صرف ایک سوشل میڈیا کمپنی کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ کمپنی کی شناخت ایک میٹاورس یعنی ورچوئل ماحول کی حامل ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر ہو۔

اگر فیس بک اپنا نام تبدیل کرتی ہے تو وہ یہ کام کرنے والی کوئی پہلی بڑی کمپنی نہیں ہو گی بلکہ اس سے قبل 2015 میں گوگل نے بھی اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام ایلفابیٹ کر دیا تھا تاکہ اس کی شناخت صرف ایک سرچ انجن کے طور پر نہ ہو۔ سن 2016 میں اسنیپ چیٹ نے بھی کمپنی کا نام بدل کر اسنیپ انک کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button