’ آئین پر چلنے والے بلڈوزر اقلیتوں کے گھروں تک پہنچے‘محبوبہ مفتی کاسوال ،کشمیری پنڈتوں پر ہنگامہ کرنے والے خاموش کیوں ہیں
جموں15اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر آئین کو بلڈوز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ بھگوا پارٹی کے لیڈران میں مسلمانوں کے گھر اور روزی روٹی چھیننے کا مقابلہ ہے۔ مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت ان دنوں بلڈوزر کو لے کر بحث میں ہے۔
دنیا بھر میں اس وقت اس کی مذمت ہورہی ہے۔ ملک بھر کے اپوزیشن لیڈر بھی بی جے پی حکومت پر الزام لگا رہے ہیں۔ اس ضمن میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اب بی جے پی پر آئین پر بلڈوزر چلانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایاہے کہ بھگوا پارٹی کے لیڈران کے درمیان مسلمانوں کے گھر اور روزی روٹی چھیننے کا مقابلہ ہے۔
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز سلسلہ وار ٹویٹس میں ان پر طنز کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی جس انتقام کے ساتھ ہندوستان کے آئین کو بلڈوز کر رہی ہے وہ اب اقلیتوں کے گھروں تک پہنچ گئی ہے۔
بی جے پی لیڈر مسلمانوں سے سب کچھ چھیننے میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں، چاہے ان کا گھر ہو، معاش ہو یا عزت۔ یہی نہیں، انہوں نے کہاہے کہ اکثریتی برادری کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے۔
جموں و کشمیرکی سابق وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کشمیری مسلمان ہونے کے ناطے ہم پر کئی بار الزام لگایا جاتا ہے کہ جب کشمیری پنڈتوں کو بھاگنے پر مجبور کیا جا رہا تھا تو ہم خاموش رہے۔ لیکن آج کے ہندوستان میں اکثریتی طبقے کی مجرمانہ خاموشی اور بی جے پی کی جانب سے ہندوستان کے بنیادی تصور کو تباہ کرنا انتہائی تشویشناک اور پریشان کن ہے۔



