کھلوں کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، ایڈیشنل کلکٹر اے. نرسمہا ریڈی کی ہدایت
کریم نگر۔ 11 دسمبر (بذریعہ میل)ایڈیشنل کلکٹر (مجالس مقامی) اے. نرسمہا ریڈی نے ہدایت دی ہے کہ کھلوں کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کسانوں کو فصل کی کٹائی کے بعد پیداوار کو سکھانے میں آسانی ہو۔
بروز جمعہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پنچایت سکریٹری، سرپنچوں اور ضلع پنچایتی عہدیدار اے پی ڈی او نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل کلکٹر اے. نرسمہا ریڈی نے کی۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلوں کی موجودگی کسانوں کے لیے زرعی پیداوار کے بعد انتہائی فائدہ مند ہوگی۔ اس لیے متعلقہ عہدیداران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ منظور شدہ کھلوں کی تعمیرات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔
ایڈیشنل کلکٹر نے واضح کیا کہ ہر دیہات کے سکریٹری اور سرپنچ کو چاہئے کہ وہ کھلوں کے کاموں پر خصوصی توجہ دیں اور مقامی کسانوں کے ساتھ مل کر جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کریں تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہوسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلوں کی تعمیر سے نہ صرف کسانوں کو سہولت ہوگی بلکہ زرعی پیداوار کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔
اس اجلاس میں ضلع پنچایت عہدیدار بوچیا، اے پی ڈی او منجولا دیوی، پنچایت سکریٹری، سرپنچوں اور دیگر ذمہ دار عہدیداران نے شرکت کی۔



