اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی
حماس کا عرب اور عالم اسلام سے غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدام کا مطالبہ
غزہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 130 فلسطینی شہید اور 263 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ 18 مارچ سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 634 جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,172 ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 49,747 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ 113,213 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرین کی ایک بڑی تعداد ملبے کے نیچے اور کھلے مقامات پر موجود ہے، مگر امدادی ٹیموں کو ان تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے
حماس کا عرب اور عالم اسلام سے غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدام کا مطالبہ
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) پر براہ راست سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکیں۔
حماس نے عرب اور مسلمان ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی فورمز، خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری متحرک ہوں اور فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
حماس نے عرب اقوام، مسلم دنیا اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی انتظامیہ کی حمایت یافتہ قابض اسرائیلی ریاست اور اس کے حامیوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے تمام سطحوں پر کارروائی کریں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کی ہر ممکن حمایت جاری رہنی چاہیے، جب تک کہ جارحیت کا خاتمہ نہ ہو اور فلسطینیوں کو آزادی اور حقِ خودارادیت نہ مل جائے۔



