غصے کو قابو کریں✍️پیش کش: شبلی فاروق بنگلور
یہ حقیقت ہے کہ غصہ ہر انسان کو آتا ہے بس کچھ لوگ اس پر قابو پانا جانتے ہیں اور کچھ ناکام ہوجاتے ہیں
غصہ آنا ایک فطری عمل ہے۔اگرکوئی انسان یہ کہے کہ اسے غصہ بہت آتا ہے یا بہت کم آتا ہے یا تو پھروہ بالکل ٹھنڈے مزاج کا حامل ہے یا یہ کہ کچھ بھی اس کے خود کے اختیار میں نہیں ہوتا۔ یہ حقیقت ہے کہ غصہ ہر انسان کو آتا ہے بس کچھ لوگ اس پر قابو پانا جانتے ہیں اور کچھ ناکام ہوجاتے ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ جب بھی آپ کوغصہ آئے تو سنت طریقہ یہ ہے کہ اگر آپ کھڑے ہیں تو بیٹھ جائیں اور اگربیٹھے ہوئے ہیں تو اس جگہ سے دور ہوجائیں یا پھر پانی پی لیں تاکہ غصہ ٹھنڈا ہوسکے۔ اگر آپ پھر بھی غصہ جیسے مسئلہ کا مستقل شکارہیں یا بات بات پر غصہ کرنے کے عادی ہیں تو ذیل میں دیئے گئے ان چند نکات سے مستفید ہوں۔
مراقبہ کریں
مراقبہ کرنے سے دماغ پرسکون رہتا ہے۔مراقبہ اعصابی نظام میںمثبت اثرات مرتب کرتاہے۔یہ خاص طور پر دماغ کے اس حصہ پر کام کرتاہے جہاں سے جذبات کی نشو و نما ہوتی ہے۔مراقبہ غصہ کے جذبات کو کم کرنے کے لئے نہایت سازگار ہے۔
مثبت سوچ و فکر پیدا کریں
منفی سوچ و فکر کی جگہ اپنے دماغ میں مثبت سوچ و فکر کوجگہ دیں۔اگر کسی بات پر آپ کو غصہ آتا ہے تو اس کے مثبت پہلو پر بھی غور کریں۔مثبت سوچ انسان کوبہت سی برائیوں سے بچالیتی ہے اور غصہ بھی انسان کی شخصیت کیلئے برائی تصور کی جاتی ہے۔
سانس لینے کا دورانیہ طویل کریں
عمل تنفس ایک ایسا پلیٹ فارم تخلیق کرتاہے جس پر تمام چیزیں جیسے صحت، خوشی، دانشمندانہ صلاحیت اور اعلیٰ کارکردگی، کامیابی اور اثر انگیزی تعمیر ہوتی ہے۔ منظم عمل تنفس سے آپ ایک منٹ میں منفی ہارمون کارٹی سول کو خون کے بہاؤ سے خارج کرسکتے ہیں اور مثبت ہارمون پیدا کرسکتے ہیں۔
اپنے لئے وقت نکالیں
کام کے اضافی بوجھ میں الجھنے کے سبب بھی بعض اوقات انسان کوبلاوجہ ہی غصہ آنے لگتاہے۔ اسی لئے کام کی مصروفیت اپنی جگہ لیکن اپنی دماغی صحت کوبرقراررکھنے کے لئے کچھ اچھا وقت اپنے لئے بھی نکالیں۔
دوستوں سے بات کریں
دوست دکھ درد کے ساتھی ہیں غصہ کے نقصان دہ اثرات سے بچنے کے لئے اپنے بہترین دوست سے رابطہ کریں۔ اگر کوئی صورتحال آپ کے لئے مسئلہ بن رہی ہے تو دوست سے مشورہ کریں تاکہ دل کا بوجھ بھی ہلکا ہوں۔
حقیقت کا سامنا کریں
اچھائی اور برائی یہ دونوں چیزیں زندگی کا حصہ ہیں۔زندگی میں درپیش تلخ حقائق کا کھلے دل سے سامنا کریں۔یہی زندگی ہے اور اسی کا سامنا کرنے کیلئے آپ کو ہمہ وقت تیار رہنا ہے تاکہ کسی بھی پریشان کن صورتحال میں غصے کے بجائے صبر وتحمل کے ساتھ اسے حل کریں۔
نشہ آور اشیاء سے پرہیز
اگر آپ اسموکنگ یادیگر نشہ آوراشیاء کی لت کا شکار ہیں تو یہ اشیاء بھی غصے کو کھلی دعوت دینے کے مترادف ہیں۔ ان چیزوں کا استعمال کم کرنے کی کوشش کریں۔ نشہ آور اشیاء جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کوبھی متاثرکرتی ہیں جس کے منفی اثرات غصہ اور دیگر طریقوں کی صورت مختلف اوقات میں سامنے آتے ہیں۔
مسئلہ کا حل تلاش کریں
اگر آپ گھریلو ،معاشی یامعاشرتی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں تو انھیں حل کرنے کی کوشش کریں۔ قابل، باصلاحیت اور بااعتماد لوگوں سے مشورہ ضرور کریں۔ بہترین مشورہ آپ کے مسائل حل کرنے میں کارآمد ہوسکتا ہے ورنہ آپ انہی مسائل میں الجھے رہیں تو یہ غصے کا باعث بنتے رہیں گے۔
الیکٹرولائٹس میں توازن رکھئے
ہمارے جسم میں چار الیکٹرولائٹس کیلشیم، میگنیشیم، پوٹاشیم اور سوڈیم ہیں۔ جتنا جسم میں سوڈیم زیادہ موجود ہوگا جسم کے خلیات میں اتناہی زیادہ پانی ذخیرہ ہوتا جائے گا اور یہ عمل بلڈ پریشر کو بڑھا دیتا ہے جو غصہ کی بڑی وجہ ہے۔
لذیذ اور مزیدار غذائیں کھائیں
انڈے کی سفیدی، مچھلی، پھل، سبزیاں، اناج، بلیک بیری، بلیک سویابین، ثابت مونگ دال، ناریل اور ہیزل نٹ کھائیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اپنی پسند کی غذا کھانے سے مزاج پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔



