قومی خبریں

ایلوپیتھی پرمتنازع بیان دینے والے بابا رام دیو کی پریشانی میں اضافہ، ہائی کورٹ نے بھیجا نوٹس

نئی دہلی، 27 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بابا رام دیو کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کو یوگا گرو کو ایلوپیتھی کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں سمن جاری کیا۔ جسٹس سی ہری شنکر نے رام دیو کو مقدمہ پر اپنا جواب داخل کرنے کیلئے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ رام دیو کے خلاف مقدمے میں الزامات کی خوبیوں پر کوئی رائے ظاہر نہیں کر رہے ہیں اور کسی بھی راحت پر بعد میں غور کیا جائے گا۔

جسٹس ہریشنکر نے رام دیو کے وکیل راجیو نائر سے کہاکہ میں نے (رام دیو کا) ویڈیو کلپ دیکھا ہے، ویڈیو کلپ دیکھ کر لگتا ہے کہ آپ کا مؤکل ایلوپیتھی علاج کے پروٹوکول کا مذاق اڑا رہا ہے۔ اس نے لوگوں کو سٹیرائیڈ کی صلاح دینے اور یہاں تک کہ ہسپتال جانے کا مذاق اڑایا ہے۔ کلپ دیکھ کر یہ یقینی طور پر مقدمہ دائر کرنے کا معاملہ بنتا ہے۔

جج نے کہاکہ میں کوئی حکم نہیں دے رہا ہوں،اپنا تحریری بیان درج کریں۔ کہیں کہ کوئی کیس نہیں بنتا۔ رام دیو کے علاوہ آچاریہ بال کرشن اور پتنجلی آیوروید کو بھی اس معاملے میں سمن جاری کرکے جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ عدالت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز گوگل، فیس بک اور ٹویٹر کو بھی نوٹس جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button