بین الاقوامی خبریں

موسولینی کے بھائی کے نام پر پارک، اطالوی وزیر کو مستعفی ہونا پڑ ا

روم ، ۲۹؍اگست: (اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اٹلی میں ایک وزیر کو ایک پارک کا نام ماضی کے ڈکٹیٹر بینیٹو موسولینی Mussolini کے بھائی آرنالڈو کے نام پر رکھنے کی تجویز دینے پر مستعفی ہونا پڑ گیا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران بینیٹو موسولینی نازی جرمن رہنما اڈولف ہٹلر کا حلیف تھا۔اطالوی دارالحکومت روم سے ستائیس اگست کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم ماریو دراگی کی کابینہ کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دوریگون Claudio Durigon اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ ان کے انتخابی حلقے اور ملکی دارالحکومت روم سے جنوب کی طرف واقع شہر لاٹینا میں واقع ایک پارک کا نام بدل کر آرنالڈو موسولینی کے نام پر رکھ دیا جائے۔دراگی حکومت میں معیشت اور خزانے کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دْوریگون نے اپنی تجویز میں کہا تھا کہ 1922 سے لے کر 1943 تک اٹلی پر حکومت کرنے والے فاشسٹ ڈکیٹر بینیٹو موسولینی کے بھائی آرنالڈو (Arnaldo Mussolini) ایک صحافی اور ماہر زراعت تھے اور لاٹینا کے قصبے میں ایک مشہور پارک کا نام بدل کر آرنالڈو موسولینی کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔

مگر جس بات پر اپنی تجویز میں جونیئر وزیر دوریگون نے کوئی زور نہیں دیا تھا، وہ یہ تھی کہ آرنالڈو موسولینی اپنے بھائی بینیٹو موسولینی کے بہت قریبی معتمد بھی تھے۔ماضی کی معروف اطالوی اداکارہ صوفیہ لارین اپنی بھانجی اور بینیٹو مسولینی کی پوتی آلیساندرا کے ساتھ جو دائیں بازو کی اطالوی سیاستدان ہیں کلاؤڈیو دوریگون کا تعلق اٹلی میں انتہائی دائیں بازو کی لیگ نامی عوامیت پسند سیاسی جماعت سے ہے۔ ان کی اس متنازعہ تجویز کی شروع میں لیگ پارٹی اور اس کے مرکزی رہنما ماتیو سالوینی نے بھی حمایت کی تھی۔

اٹلی میں خزانے اور معیشت کے جونیئر وزیر دویگون کی تجویز اتنی غیر متوقع تھی کہ ملک بھر میں اس پر شدید تنقید شروع ہو گئی تھی۔ یہاں تک کہ خود ان کی اپنی جماعت کے کئی رہنما بھی ان پر تنقید کرنے لگے تھے۔اس بحث کا نتیجہ یہ نکلا کہ دوریگون کو اپنے وزارتی عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا۔ استعفیٰ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ مجھ سے لاٹینا میں ایک پارک کا نام بدل دینے کی تجویز کے حوالے سے غلطی ہوئی۔

لیکن میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نہ تو کوئی فاشسٹ ہوں اور نہ کبھی فاشسٹ رہا ہوں۔کلاؤڈیو دوریگون 2018سے اطالوی پارلیمان کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ جب ان کی جماعت موجودہ مخلوط حکومت میں شامل ہوئی، تو انہیں خزانے اور معیشت کا جونیئر وزیر بنا دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button