قومی خبریں

ملک میں کورونا کے 1000 سے زائد مریض، دہلی سمیت کئی ریاستیں متاثر

نیا ویرئنٹ ’این بی 1.8.1‘، امریکہ میں تشویشناک اضافہ

نئی دہلی، 26 مئی (اردودنیا.اِن/ایجنسیز)  ملک میں کورونا وائرس کے کیسز ایک بار پھر تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں اس وقت 104 فعال کیسز موجود ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 99 نئے کیسز سامنے آنے سے صحت انتظامیہ اور عوام میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

کورونا کے سب سے زیادہ کیسز کیرالہ میں ہیں جہاں فعال کیسز کی تعداد 430 ہے۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں 209 اور دہلی میں 104 فعال کیسز درج ہیں۔ کرناٹک میں 34، گجرات میں 76، ہریانہ میں 9، راجستھان میں 13، مغربی بنگال میں 12 اور یوپی میں 15 فعال کیسز موجود ہیں۔

پڈوچیری اور سکم میں صحت یاب مریضوں کی وجہ سے فعال کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے، جبکہ کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فعال کیسز نہیں ہیں۔

نیا ویرئنٹ ’این بی 1.8.1‘، امریکہ میں کئی کیسز ریکارڈ

کورونا وائرس کا نیا ویرئنٹ ’این بی 1.8.1‘ امریکہ میں سامنے آیا ہے، جس سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ ویرئنٹ اومیکرون بی اے-2.86 کی ایک شکل ہے۔ امریکہ میں اس کے کئی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ بھارت میں اب تک اس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ بھارت میں زیادہ تر کیسز ’جے این 1‘ ویرئنٹ کے ہیں، جو ہانگ کانگ، سنگاپور اور چین میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ دو ویرئنٹس کا ہونا خطرے کی نشانی ہو سکتی ہے، لیکن یہ سب ذیلی ویرئنٹس ہیں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ڈبلیو ایچ او بھی ان ویرئنٹس کی مانیٹرنگ کر رہا ہے تاکہ ان کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

وبائی امراض کے ماہر جگل کشور نے کہا کہ جو لوگ پہلے سے بیماریوں میں مبتلا ہیں، بزرگ اور بچے نئے ویرئنٹس کے لیے زیادہ حساس ہیں۔ تاہم، ابھی تک ویکسین کی تاثیر برقرار ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button