تلنگانہ کی خبریں

ضلع کھمم میں کورونا کی پھر دہشت ، 120 مریض متاثر

ڈینگو اور ملیریا کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ، صورتحال پر قابو پانے انتظامیہ چوکس

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ کے ضلع کھمم میں کورونا وائرس ‘ ملیریا اور ڈینگو کی دہشت نے ضلع انتظامیہ کو چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے اور ضلع انتظامیہ اس صورتحال کے سبب تشویش کا شکار ہونے لگا ہے ۔ضلع کھمم میں روزانہ کورونا وائرس کے 4 تا 5 مریضوں کی ہر سرکاری دواخانہ میں شناخت کی جار ہی ہے اور اس کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی کورونا وائرس کا شکار افراد کو شریک کیا جانے لگا ہے۔

جس پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے گہری نظر رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ضلع کھمم میں نہ صرف کورونا وائرس بلکہ ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ نے بھی ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کوچوکس کردیا ہے ۔

بتایاجاتا ہے کہ ضلع میں تاحال 248ڈینگو اور 254 ملیریا کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی جن کا علاج جاری ہے اور اس صورتحال کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ نے محکمہ صحت کے علاوہ طبی عملہ کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں ضلع کویڈ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر چیتن کا کہناہے کہ کھمم میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د میں ہونے والے اضافہ کی بنیادی وجہ عوام کی جانب سے اختیار کردہ رویہ اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری نہ کیا جانا ہے۔

ضلع کھمم میں کورونا وائرس کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر پتہ چلا ہے کہ فی الحال کھمم میں 120 کورونا وائرس کے شکار مریض موجود ہیں جن کا علاج کیا جا رہاہے۔

علاوہ ازیں ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے متعلق کہا جار ہاہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات اور صفائی کے بجٹ کی عدم موجودگی کے سبب ملیریااور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

ضلع کھمم میں کورونا وائرس ، ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ پر محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اور ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن مریضوں کو کورونا وائرس کی توثیق ہورہی ہے ان کے قرنطینہ کے لیے بہتر انتظام کیے جائیں تاکہ مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button