سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

نسخہ جات,کھانسی دمہ اور سینے کی بیماریاں-ڈاکٹر محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور

اکثر بچے بوڑھے، عورتیں کھانسی میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس کی بڑی وجہ موسم کی تبدیلی ہوتی ہے ہلکی ہوا اور شبنم میں چلنے پر کھانسی بلغم سینے میں تکلیف اور پسلیوں میں درد ہونے لگتا ہے۔کھانسی سے بچنے کے کارآمد آزمودہ نسخے حسب ذیل ہیں۔

بلغمی کھانسی:

بیج دھتورہ کلا شدھ 50 گرام، ریوند چینی 20 گرام، سونٹھ 20 گرام، گوند کیکر 20 گرام، ملٹھی پسی ہوئی 20 گرام۔ تمام ادویات کو نہایت باریک پیس کر نخود کے برابر گولیاں بنائیں اور بوقت ضرورت دن میں تین بار ایک ایک گولی پانی کے ساتھ دیں۔

خشک کھانسی:

مغزبا دام دس گرام ، عقرقرہا دس گرام، خشخاس دس گرام، ملٹھی (چھلی ہوئی) چار گرام، گوند کیکر چار گرام، شکر تیغال تین گرام، تمام ادویات کو نہایت باریک کوٹ پیس لیں، اور شہد کی مدد سے دانہ مٹر کے برابر گولیاں بنا کر منھ میں رکھ کر چوسیں۔ خشک کھانسی کیلئے مفید ہیں۔
چھاتی کا درد: موم دس گرام، لوبان تین گرام، تل کا تیل 50 گرام، تیل کو گرم کر کے موم ڈال کر، لوبان باریک کر کے ملالیں اور چھاتی پر ملیں۔ اس کے استعمال سے بلغم باہر نکل جاتی ہے اور چھاتی کے درد کو آرام آجاتا ہے۔

کھانسی:

کاکڑاسنگی، پپلی، سہاگہ، یہ تینوں ادویات ہموزن لیکر سفوف بنائیں اور گولیاں بقدر نخود بنائیں۔ ایک گولی منھ میں رکھ کر چوسیں، پہلی خوراک سے ہی فائدہ معلوم ہوگا۔

نسخہ2: کاکڑاسنگی، پپلا مول، سیندھا نمک، گوند کیکر، ہرچہار ادویات برابر وزن لے کر کوٹ پیس لیں اور چنے کے برابر گولیاں بنائیں، خوراک ایک گولی، کھانسی کے لئے بہت مفید ہیں۔

کالی کھانسی: اجوائن دیسی 50گرام، اجوائن خراسانی 50گرام، نمک سانبھر 50گرام۔ ان سب ادویات کو ایک کسورے میں(مٹی کا پیالہ) بند کر کے کسی محفوظ جگہ پر چار کلو اُپلوں کی آگ دیں، سرد ہونے پر نکال کر پیس لیں۔

مقدار خوراک: چار گرام کی مقدار میں شہد کے ساتھ دیں، یہ کالی کھانسی کے لئے نہایت مفید ہے۔
نسخہ1: کالی کھانسی کو میعادی تسلیم کیا جاتا ہے، اس دوا کے چند دن کے استعمال سے مرض سے پیچھا چھوٹ جاتا ہے۔ڈھاکے پتوں کی راکھ میں بقدر ضرورت بھونا ہوا نمک سونچل ملا لیں تاکہ ذائقہ ٹھیک ہوجائے یا ہم وزن لے کر کوزہ گلی میں بند کر کے آگ دے کر کشتہ بھی کرسکتے ہیں، سب کو پیس کر کام میں لاویں۔ ایک سے دو رتی تک دن میں تین چار بار چٹائیں، کالی کھانسی کا بہترین تریاق ہے۔

نسخہ2: دیسی اجوائن 50گرام کو توے پر رکھ کر نیچے آگ جلادیں، اور ہلا ہلا کر راکھ کرلیں، پھر اس میں 50گرام شہد ملا کر حل کرلیں، ایک سال سے پانچ سال کے بچوں کو ایک گرام چٹائیں، بلغمی کھانسی اور بلغمی دمہ کے لئے بھی از حد مفید ہے۔

کھانسی: ملٹھی دس گرام، کالی مرچ ڈیرھ گرام، سونٹھ پانچ گرام، تمام ادویات کو باریک پیس کر چھان لیں۔ اس کو گڑ میں ملا کر بیر کے برابر گولیاں بنالیں۔ ایک گولی صبح اور ایک گولی رات کونیم گرم پانی سے استعمال کرائیں، کھانسی کے لئے مفید ہے۔

شربت کھانسی: عناب ولایتی 30دانے، لسوڑا 50دانے، خطمی، خبازی، گل بنفشہ ہر ایک 60گرام، زوفا، ملٹھی (چھلی ہوئی) ہر ایک 35گرام، پرسیاؤشاں 30گرام، انجیر زرد 20عدد۔

ترکیب تیاری: تمام ادویات کو موٹا موٹا کُوٹ کر رات کو ایک کلو پانی میں بھگو دیں، صبح جوش دے کر پانی چھان لیں۔ اور چینی 750گرام شامل کر کے شربت تیار کرلیں۔

خوراک: 25گرام سے 50گرام عرق گاؤزبان یا پانی ملا کر صبح اور شام دیں کھانسی، نزلہ، زکام کے لئے مفید ہے، بلغم نکالتا ہے۔

دمہ، آستھما(Asthma)

دوائے دمہ: نمک خوردنی پیس کر اس پر آک کا دودھ سات بار ڈال کر خشک کرلیں پھر کسی مٹی کے برتن میں گل حکمت کر کے دس کلو اُپلوں کی آگ دیں، بعدہ نکال کر باریک کر کے رکھیں، آدھی رتی کے قریب دمہ والے کو ہمراہ کھانڈ اور خشک دمہ والے کو ہمراہ مکھن دیں، دمہ کے لئے از حد مفید ہے۔کٹھائی اور تیل سے پرہیز رکھنا از حد ضروری ہے۔

نسخہ2: اجوائن 30گرام، چینی کی پیالی میں ڈال کر دو مرتبہ شیر مدار سے تر اور خشک کریں، بعد انار دیسی کے دو ٹکڑے کر کے ایک ٹکڑہ کے دانے نکال کر اس میں اجوائن بھر کر دوسرے ٹکڑے کو اُوپر رکھ کر ملتانی مٹی سے گل حکمت کر کے اُپلوں کی آگ دیں، بعد مٹی اتار کر انار کا سفوف بنا کر حفاظت سے رکھیں۔ روزانہ چوتھائی رتی شہد میں دیں۔ دورہ کے وقت دینے سے دورہ رُک جاتا ہے، بلغم پیدا کرنے والی خوراک سے پرہیز کریں۔

نسخہ3: پوکھر مول 24گرام، کاکڑاسنگی 12گرام، پیپل چھوٹی 6گرام، کائپھل 3گرام، سیندھا نمک ڈیڑھ گرام۔ تمام ادویات کوٹ چھان کر 24خوراکیں بنائیں، ایک خوراک صبح اور ایک خوراک شام شہد کے ساتھ دیں۔

دمہ کیلئے: برگ دھتورہ 50گرام، برگ بھانگ 50گرام، قلمی شورہ 50گرام، ان سب کو کوٹ چھان کر تھوڑی مقدار میں آگ پر جلائیں اور مریض کو دھونی دیں، کھانے کے لئے کشتہ ابرق سفید ایک سے دو چاول شہد خالص 6گرام میں دیں یا سوم کلپا بوٹی کا سفوف بنا کر دس سے پندرہ گرام تک دیں۔

نسخہ1: اجوائن دیسی، اجوائن خراسانی، مرچ سیاہ، اجمود، پپلامول، سونٹھ، نمک، نمک کھاری، گودہ گھیکوار، تمام ادویات سے تین گنا بڑا مٹی کا برتن لے کر ادویات ڈال کر گل حکمت کر کے اُپلوں کی آگ میں جلالیں، یہ دوا دو سے تین رتی شہد میں ملا کر چٹائیں۔

خون تھوکنا

برگ بانسہ 20 گرام لے کر 125 گرام میں گھوٹ کر صبح و شام پلائیں۔

2: گیرو کے استعمال بھی اس مرض میں مفید ہے۔

ہڑتال گئودنتی کوئلوں پر رکھ کر جلالیں اور 2سے 4چاول شربت انجبار کے ساتھ دن میں دو بار کھلائیں۔

4۔ کہرباشمعی: کہربا، گوند کیکر، نشاشتہ، مغز تخم کھیرا، مغز تخم کدّو، ہر ایک تین تین گرام، گل انار، ہر ایک دو دو گرام ۔ تمام ادویات کو باریک کر کے لعاب اسپغول میں ملا کر چار چار گرام کی ٹکیہ تیار کریں۔ چار سے چھ گرام تک کی مقدار میں شربت انجبار یا شربت چندن سے دیں۔ پھیپھڑے کی خونی قے، بواسیر خونی، خونی پیشاب، زخم گردہ اور مثانہ میں مفید ہے۔

جڑی بوٹیوں کے ذریعے دمہ کا علاج

1۔ آک کی جڑ 30گرام، اجوائن 20گرام، دونوں کو خوب اچھی طرح باریک پیس کر 50گرام گُڑ ملا کر چنے کے برابر گولیاں بنالیں۔ ایک گولی صبح کو پانی کے ساتھ دیں۔

2۔ دمہ کے دورہ کے وقت بانسہ کے خشک پتے چلم میں رکھ کر پینے سے دورہ رُک جاتا ہے۔

سونف 50گرام کو کسی مٹی کے کوزہ میںڈال کر اُوپر سے آک کا دودھ اتنا ڈالیں کہ تر ہوجائیں، پھر انہیں سایہ میں خشک کرلیں اور کزہ میں بند کر کے خشک کریں اور دس کلو اُپلوں کی آگ دیں۔ اگر سفید راکھ تیار ہوجائے تو ٹھیک، نہیں تو دوبارہ اسی طرح آگ دیں۔ اور باریک پیس کر شیشی میں حفاظت سے رکھیں۔

مقدار خوراک: آدھی رتی سے ایک رتی تک چینی میں ملا کر دیں۔آٹھ دن میں پورا آرام ہوگا۔

کھانسی بلغم کیلئے مجرب چٹنی: میرے والد محترم بڑے حکیم صاحب مولانا ڈاکٹر حکیم محمدادریس حبان رحیمی ایم ڈی رحیمی شفاخانہ آنے والے مریضوں کے لئے ہمیشہ گھریلو چٹنی بتلاتے ہیں جو بڑی ذائقہ دار اور مجرب ہے۔

نسخہ: السی 50گرام، مغز بادام 50گرام، چلغوزہ 50گرام، پستہ50گرام، سونٹھ 50گرام، کالی مرچ 100گرام، تمام چیزوں کو صاف کر کے ہلکے آنچ پر توے پر اچھی طرح بھون لیں جب خوشبو پیدا ہوجائے تو ٹھنڈا کرلیں اور باریک کوٹ چھان کر چار سو گرام اصلی شہد ملالیں نہایت لطیف و ذائقہ دار چٹنی تیار ہے ، شیشے کے مرتبان میں محفوظ کرلیں۔

طریقہ استعمال: صبح ، دوپہر ، شام تین تین گرام چاٹ لیں اور پانی تھوڑے وقفے کے ساتھ گرم گرم پیئیں۔
فائدہ: خشک کھانسی ، بلغمی کھانسی، سینے میں آواز میں مفید ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button