
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیتی آیوگ نے ہفتے کے روز کہا کہ بھارت نے ٹیکہ کاری کے معاملے میں امریکہ کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ٹیکہ کاری کی پہلی خوراک 172 ملین افراد کو دی گئی ہے، جبکہ امریکہ میں 169 ملین افراد کو ہی اس ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔
نیتی آیوگ کے ممبر ڈاکٹروی کے پال نے کہا کہ ہم نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک دینے میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنی ویکسی نیشن مہم کو بہتر اور زیادہ مؤثر بنانے کے لئے مستقل کوشش کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ویکسی نیشن کی رفتار میںمزید تیزی لائے جائے گی۔
وہیں مرکزی وزارت صحت نے جمعہ کے روز کہاتھا کہ ملک میں کل 22.75 کروڑ افراد کوکرونا ویکسین دیئے گئے ہیں۔ ان میں سے 17.2 کروڑ افراد کو ویکسین کی ایک خوراک دی گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق جمعہ کے روز ملک میں 33 لاکھ 57 ہزار 713 افراد کو ٹیکہ دیئے گئے۔ وزارت نے بتایا کہ جمعہ کو 18 سے 44 سال کی عمر کے 1623602 افراد کو پہلی ویکسین کی خوراک دی گئی ہے۔



