تلنگانہ کی خبریں

مچھروں کے خاتمہ کے نام پر جی ایچ ایم سی میں کروڑہا روپئے کا غبن

سالانہ 18.7 کروڑ روپئے کا ڈیزل استعمال ، ویجیلنس تحقیقات کرانے کمشنر کا فیصلہ

حیدرآباد:گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) نے ڈیزل کی چوری کی روک تھام کیلئے کمشنر المبرتی نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ ہاٹ فوگنگ جو دھواں پھیلانے کیلئے ڈیزل کا استعمال کیا جاتا ہے، اس کی جگہ پر کول فوگنگ سسٹم متعارف کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مچھروں پر قابو پانے سالانہ 18.70 کروڑ روپئے کا ڈیزل استعمال کیا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بلدیہ میں عہدیداروں کی جانب سے 75% ڈیزل کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے جس کی اطلاع ملتے ہی کمشنر نے بے ضابطگیوں کی ویجیلنس کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی سالانہ مچھروں کو کنٹرول کرنے کیلئے 25 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا جاتا ہے۔

ماضی میں ویجیلنس تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلا تھا کہ 18 کروڑ روپئے کی ڈیزل کے نام پر لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ حال ہی میں 6 اِنٹامالوجسٹوں کو معطل کیا گیا تھا۔ اس تناظر میں کوکٹ پلی جیٹ سی چھوٹی فوگنگ مشینوں کو روزانہ 10 لیٹر ڈیزل دیا جارہا تھا جس کو اب گھٹاکر 6 لیٹر کردیا گیا۔ خرچ میں کمی کرنے کیلئے کمشنر بلدیہ تمام زونس میں یہی پالیسی اختیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ویجیلنس کی تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلا تھا کہ ہاٹ فوگنگ کرنے سے نہ صرف عوامی صحت پر اس کے مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں اور مچھروں کو کنٹرول بھی نہیں کیا جارہا ہے اور 75% ڈیزل کا بیجا استعمال ہورہا ہے۔ ان بے قاعدگیوں کو دیکھتے ہوئے سابق کمشنر امراپالی نے شہر میں کولڈ فوگنگ سسٹم پر عمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا اور اس سلسلے میں پرشانت نگر میں تجربہ بھی کیا گیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے تھے۔

سکندرآباد رونالڈ روز انسٹیٹیوٹ ، تارناکہ کے آئی آئی سی ٹی کے سائنس دانوں سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرنے کا موجودہ کمشنر المبرتی نے فیصلہ کیا ہے۔ مچھروں کے خاتمہ کیلئے ڈیزل کے بجائے مچھر بھگانے پانی کے حجم میں 2% ڈیلٹا میتھرین شامل کریں۔ اسے بہت باریک اسپرے کے ذریعہ ہوا میں پھیلاتے ہوئے مچھروں سے نجات حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جاسکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی فلم فارمنگ اکیوز اسپرے (AFFSE)کہا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے پانی کی بوندیں ہوا میں ایک تہہ بناتی ہیں اور مچھروں کو مارتی ہیں۔ ہاٹ فوگنگ کی طرح یہ طریقہ عملے کیلئے صحت کے مسائل کا باعث نہیں بنتی اور اس سے کوئی بدبو بھی نہیں پھیلتی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button