قومی خبریں

پاکستان کے لیے جاسوسی: سی آر پی ایف جوان موتی رام جاٹ گرفتار

کورٹ نے موتی رام جاٹ کو 6 جون تک این آئی اے کی حراست میں رکھنے کا حکم دیا

نئی دہلی،۲۶؍مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ننیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دہلی سے سی آر پی ایف کے جوان موتی رام جاٹ کو پاکستان کے خفیہ اداروں کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ 2023 سے اس قسم کی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا اور پاکستان کے خفیہ افسران سے مالی مراعات وصول کر رہا تھا۔

پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے موتی رام جاٹ کو 6 جون تک این آئی اے کی حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔

این آئی اے کے مطابق، ملزم نے پاکستان کے کئی خفیہ افسران کو ہندوستان کی اہم اور حساس معلومات فراہم کیں جو قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہو سکتی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ دو سال سے جاسوسی میں ملوث تھا اور مختلف ذرائع سے پاکستان سے مالی لین دین کرتا رہا، جن میں حوالہ بھی شامل تھا۔

ایجنسی کے مطابق، موتی رام جاٹ پہلے سے ہی آئی ایس آئی کے نشانے پر تھا اور اسے پیسے کے لالچ میں اپنے جال میں پھنسایا گیا تاکہ خفیہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔ این آئی اے کو شبہ ہے کہ اس کیس میں مزید افراد ملوث ہو سکتے ہیں جن کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پوچھ گچھ جاری ہے۔

ملزم اور اس کے خاندان کے بینک کھاتوں کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے کیونکہ شبہ ہے کہ وہ خود اپنے کھاتوں میں رقم نہ لے کر خاندان کے کھاتوں میں پیسے منتقل کر رہا تھا۔ یہ کارروائی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button