ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ شہناز گل نے کہا ہے کہ اس وقت ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں، ساری توجہ صرف پیسے کمانے اور اسے مستقبل کےلیے محفوظ کرنے پر مرکوز ہے۔مشرقی پنجاب کے چندی گڑھ شہر سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ شہناز نے ان خیالات کا اظہار اپنے شو ’دیسی وائب‘ پر مہمان بھوون بام سے گفتگو کے دوران کیا۔
شہناز سے بھوون نے پوچھا تھا کہ ان کا اس وقت شادی کا کوئی منصوبہ ہے، تو شہناز نے کہا کہ فی الحال تو شادی نہیں کرنا ہے، بلکہ زندگی میں آگے جانا ہے اور بہت سارے کام کرنا ہے۔2015 میں ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کرنے والی اور 2017 میں پنجابی فلم ’ست شری اکال انگلینڈ‘ سے اپنا فلمی ڈیبیو کرنے والی پرکشش اداکارہ نے کہا میں پیسے بچا کر اسے محفوظ کرنا چاہتی ہوں اور سب کو ایسا کرنا چاہیے۔
بگ باس سیزن 13 میں شامل ہونے کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ نے کہا کہ بہت سارے لوگ پیسے ضائع کرتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتی۔شہناز نے بتایا کہ میں نے ایک گھر بھی خرید لیا ہے، اس موقع پر انہوں نے اپنے مہمان بھوون کو اپنے گھر آنے کی بھی دعوت دی۔یاد رہے کہ 2021 میں شہناز نے دلجیت دوسانچ کے ساتھ حوصلہ رکھ میں کام کیا اور اب وہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ریلیز کی منتظر ہیں جو کہ شہناز کا بالی ووڈ ڈیبیو بھی ہوگا۔
شہناز بگ باس سیزن 13 میں شریک مقابلہ کنندہ اور ٹیلی ویژن اداکار سدھارتھ شکلا سے ملی اور ان کے درمیان محبت ہو گئی۔سدھارتھ نے بعد میں شو جیت لیا اور اس جوڑے نے کچھ میوزک ویڈیوز میں ساتھ کام کیا۔ سدھارتھ کا انتقال 2021 میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔



