تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ میں طوفان مونتھا کے اثرات، محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ جاری

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ہنگامی اجلاس، تمام محکموں کو ہائی الرٹ

حیدرآباد: (اردودنیا.اِن/ایجنسیز) محکمہ موسمیات نے طوفان ’مونتھا‘ کے پیش نظر تلنگانہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کے 16 اضلاع میں آئندہ تین دن تک تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پداپلی، میڑچل، یدادری بھونگیری، کریم نگر، جنگاؤں، محبوب آباد، ورنگل، نظام آباد، عادل آباد، نرمل، ہنمکنڈہ، میدک، سدی پیٹ، جگتیال، کاماریڈی اور محبوب نگر سمیت کئی اضلاع میں تیز بارش کے ساتھ نقصان دہ ہوائیں چلنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی جائے گی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت 20 تا 22 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔


شہری علاقوں میں احتیاطی انتظامات، جی ایچ ایم سی کی تیاری مکمل

محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد جی ایچ ایم سی نے نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ حسین ساگر جھیل میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے، اس لیے پانی کے اخراج پر قریبی نگرانی کی جا رہی ہے۔

بلدی عہدیداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بارش کے دوران نالوں یا تالابوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔


ریونت ریڈی کا ہنگامی اجلاس، تمام محکموں کو ہائی الرٹ

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
انہوں نے تمام اضلاع کے کلکٹرس، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور دیگر محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں اور ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھیں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ زرعی شعبے کو ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، خاص طور پر دھان کی فصل کو محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ندیوں، نالوں اور لبریز تالابوں پر قریبی نظر رکھی جائے اور لوور برجس پر سے ٹریفک کی آمدورفت کو فی الفور بند کر دیا جائے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔


محکمہ جات کو ہدایت: عوام کے درمیان رہ کر راحت کاری

چیف منسٹر نے محکمہ مال، برقی، بلدی نظم و نسق، صحت، عمارات و شوارع، اور پنچایت راج کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی تاکہ متاثرہ اضلاع میں فوری راحت کاری ممکن ہو سکے۔

ریونت ریڈی نے طوفان مونتھا کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام محکموں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button