وحیدہ رحمان کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا جائے گا: انوراگ ٹھاکر
معروف اداکارہ وحیدہ رحمن کو اس سال کا باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ
نئی دہلی، 26ستمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) معروف اداکارہ وحیدہ رحمن کو اس سال کا باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ Dadasaheb Phalke Lifetime Achievement Award دیا جائے گا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے یہ اعلان کیا ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ اس سال تجربہ کار اداکارہ وحیدہ رحمان کو دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔دادا صاحب پھالکے سنیما کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ وحیدہ رحمن کو اس سال باوقار دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی وصول کنندہ قرار دیا گیا۔ وحیدہ رحمان کا شمار انڈسٹری کے نامور فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز ساؤتھ سنیما کی فلم سے کیا۔
اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ کی کئی مشہور فلموں میں اپنی زبردست اداکاری سے اپنے مداحوں پر ایک تاثر چھوڑا۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک طویل نوٹ شیئر کیا ہے۔انہوں نے لکھاکہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی اور اعزاز محسوس کر رہا ہوں کہ وحیدہ رحمٰن جی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی شراکت کے لیے اس سال کے باوقار دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیاسا، کاغذ کے پھول، چودھویں کا چاند، صاحب،بیوی اور غلام، گائیڈ اور خاموشی جیسی کئی مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کا جادو دکھایا۔پانچ دہائیوں سے زیادہ کے اپنے اداکاری کے سفر میں پدم شری اور پدم بھوشن ایوارڈز سے نوازی جانے والی وحیدہ جی نے ایک ہندوستانی خاتون کی لگن اور طاقت کی مثال قائم کی ہے۔
انوراگ ٹھاکر نے مزید لکھا کہ ایسے وقت میں جب پارلیمنٹ سے تاریخی ناری شکتی وندن ایکٹ پاس کیا گیا ہے، وحیدہ رحمان کے لیے اس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جانا فخر کی بات ہے۔تجربہ کار اداکارہ کو یہ اعزاز دینا دراصل ہندی سنیما کی خواتین کو خراج تحسین ہے۔ اس کے لیے وحیدہ جی کو بہت بہت مبارک ہو۔



