سرورققومی خبریں

داؤد ابراہیم کے ’’گرو ‘‘ سبھاش ٹھاکر 5 سال بعد اسپتال سے ڈسچارج کر کے جیل بھیج دیا گیا

سبھاش ٹھاکر کو 5 سال بعد وارانسی سے فتح گڑھ سینٹرل جیل بھیج دیا گیا

وارانسی، 28جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ’’گرو ‘‘کہے جانے والے سبھاش ٹھاکر کو 5 سال بعد وارانسی سے فتح گڑھ سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ہے۔سبھاش ٹھاکر کو بی ایچ یو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پولیس کمشنر موہت اگروال نے نوٹس لیتے ہوئے 12 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دی اور سبھاش ٹھاکر کی طبی جانچ کی۔ دوران تفتیش مافیا کی صحت یابی کے بارے میں معلومات ملی۔اس کے بعد پولیس کمشنر نے اسے جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ سبھاش ٹھاکر کو پیر کی رات سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان فتح گڑھ جیل بھیج دیا گیا۔ وہاں وہ عمر قید کی سزا کاٹیں گے۔

خیال رہے کہ مافیا سبھاش ٹھاکر کو 2019 میں آنکھوں میں انفکشن، گردے اور پیٹ کی بیماری کا حوالہ دیتے ہوئے بی ایچ یو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ وہاں کے اسپتال میں گزشتہ 5 سال سے زیر علاج تھے۔ کئی بار خط و کتابت ہوئی ؛لیکن انہیں جیل نہ بھیجا جا سکا۔ جس کے بعد ڈی جی جیل خانہ جات نے اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے 12 ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دی۔ اس کے بعد اس کی صحت کی جانچ کی گئی جس میں وہ صحتمند پایا گیا۔جس کے بعد اسے پیر کی رات اسپتال سے ڈسچارج کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس کے جیل جانے کی ویڈیو بھی سامنے آ رہی ہے جس میں وہ سفید داڑھی اور سفید کپڑوں کے ساتھ اسپتال سے باہر آتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر ’پرنام‘ کرتے نظر آئے۔

سبھاش ٹھاکر وارانسی کے پھول پور نیواڈا کے رہنے والے ہیں۔ یہ 90 کی دہائی کا بدنام مافیا سمجھا جاتا ہے۔سبھاش ٹھاکر کو لوگ جرائم کی دنیا میں ’’بابا ‘‘کہتے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ سبھاش ٹھاکر کو ہندی کے ساتھ ساتھ مراٹھی اور انگریزی پر بھی اچھی دسترس حاصل ہے وہ 1990 میں کام کی تلاش میں ممبئی گیا تھا، لیکن وہاں اس نے بلڈرز سے پیسے بٹورنے، لوگوں کو ڈرانے دھمکانے اوربھتہ خوری کے لیے قتل کرنے شروع کر دیئے۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت اس کی ملاقات انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے ہوئی۔ اس کے بعد داؤد اپنے گینگ میں شامل ہو گیا۔جہاں اس نے مبینہ طور پر 12 ستمبر 1992 کو ارون گاولی کے گینگ شوٹر اور دو پولیس اہلکاروں کو مار ڈالا۔مانا جاتا ہے کہ 1993 میں ممبئی کے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد سبھاش نے داؤد سے اپنے تمام تعلقات توڑ لیے تھے۔ سبھاش کو 1992 میں ممبئی کے جے جے قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، تب سے وہ پولیس کی نگرانی میں تھا، اور 2019 سے علاج کے لیے بی ایچ یو اسپتال میں داخل تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق، صرف دو کیس درج تھے ایک پھول پور تھانے میں 1982 میں اور دوسرا شیو پور تھانے میں 1991 میں آرمس ایکٹ کے تحت- وارانسی میں درج کیا گیا تھا، جبکہ دیگر کیس ممبئی اور دہلی پولیس میں درج کیے گئے تھے۔ پھول پور تھانے سے کیس فائل غائب ہو گئی ہے، اور شیو پور تھانے کا کیس عدالت میں زیر التوا ہے۔ٹھاکر نے کئی مقدمات میں ان کی بریت کو یقینی بنایا، لیکن ممبئی کی ایک عدالت نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button