ازبکستان میں بڑا حادثہ،یوپی -بہار کے متعدد مزدوروں کی موت، کئی زخمی
اس حادثے میں 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور کئی مزدور شیڈ کے نیچے دبے بتائے جاتے ہیں
نئی دہلی،21فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ازبکستان میں متعدد ہندوستانی مزدوروں کی موت کی خبر ہے۔ یہ تمام مزدور اترپردیش اور بہار کے بتائے جا رہے ہیں۔ بہار کے سیوان سے ازبکستان میں کام کرنے کے لیے جانے والے مزدوروں پر شیڈ گرنے سے کئی افراد ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے میں 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور کئی مزدور شیڈ کے نیچے دبے بتائے جاتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سیوان اور آس پاس کے اضلاع سے مزدوروں کی بڑی تعداد ازبکستان کے ضلع المک مفتین میں کام کرنے گئی تھی۔ جہاں شدید برف باری کے درمیان انٹر انجینئرنگ کمپنی کی ایک ورکشاپ میں بھی کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک انٹر انجینئرنگ کمپنی کا شیڈ گر گیا جس سے نیچے کام کرنے والے مزدور پھنس گئے۔
شیڈ کے نیچے تقریباً 80 مزدوروں کے دبے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔وہاں سے بچائے گئے مزدوروں نے ویڈیو بنا کر ہندوستان میں رہنے والے ان کے اہل خانہ کو بھیج دیا۔ یہاں بھیجے گئے ویڈیو کے مطابق کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی وہاں تقریباً 80 مزدور ہیں جو اب بھی وہاں دبے ہوئے ہیں۔(تاہم سب سے مقدم یہ امر ہے کہ ادارہ ہذا اس ویڈیو کی تصدیق کی پوزیشن میں نہیں ہے)۔ فی الحال کمپنی کے لوگ مدد کے ساتھ پہنچ گئے ہیں اور لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی مزدوروں کے اہل خانہ اس حادثے سے کافی خوفزدہ ہیں۔غیر مصدقہ خبر کے مطابق ایک کمپنی کا شیڈ ان مزدوروں پر گرنے سے تقریباً 80 مزدور دب گئے جو ازبکستان میں بہار اور اتر پردیش سے کام کے لیے آئے تھے۔ ان میں اتر پردیش کے سیوان، گوپال گنج اوریوپی کے کشی نگر کے لوگ بتائے جاتے ہیں۔



