متأثرہ شخص کی آپ بیتی ،جی ایس ٹی نے ہماری کمر توڑ کر رکھ دی ہے
باغپت؍میرٹھ ، 9فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے باغپت میں مالی بحران کا شکار جوتوں کے تاجر نے اپنی بیوی کے ساتھ فیس بک پر لائیو آکر منگل کو زہر کھا لیا۔
جس کے بعد دونوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران خاتون کی موت ہوگئی، جب کہ تاجر کی حالت تشویشناک ہے اور اسے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
دو منٹ کے اس ویڈیو میں 40 سالہ راجیو تومر کہہ رہے ہیں کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے ان کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے۔ اس دوران وہ ایک تھیلی کھول کر اس میں سے کچھ نکال کر کھاتے نظر آتے ہیں۔
اس دوران پاس ہی بیٹھی اس کی بیوی پونم نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہتی ہے ، اس کے بعد پونم نے بھی زہر کھا لیا،اس دوران تومر روتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ مجھے بولنے کی آزادی ہے، مجھ پر جو بھی قرض ہے، میں اسے چکا دوں گا۔
مجھے اپنے ملک پر بھروسہ ہے، لیکن میں مودی جی (وزیراعظم) سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ چھوٹے تاجروں اور کسانوں کے دوست نہیں ہیں، اپنی پالیسیاں بدلیں ۔
اسی دوران اسے فیس بک پر لائیو دیکھنے والے کچھ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو فون کیا، اطلاع ملتے ہی پولیس بھی فوراً موقع پر پہنچ گئی اور دونوں میاں بیوی کو ہسپتال لے گئی۔
تاہم تومر کی 38 سالہ بیوی پونم کی اسپتال میں ہی موت ہوگئی۔ یوپی اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل یعنی 10 فروری کو باغپت میں بھی ووٹنگ ہونے والی ہے۔
ایسے میں اپوزیشن پارٹیاں بھی اس واقعہ کو بھرپور طریقے سے اٹھاتی نظر آرہی ہیں ، یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی لیڈروں نے اس واقعہ پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔



