قومی خبریں

دہلی اسمبلی الیکشن: کانگریس کا انتخابی منشور جاری,خواتین کو 2,500 روپئے فی ماہ، 300 یونٹ مفت بجلی کا ’حسین‘ وعدہ

دہلی اسمبلی الیکشن میں صرف ایک ہفتے کا وقت باقی بچا ہے۔

نئی دہلی ، 29جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) دہلی اسمبلی الیکشن میں صرف ایک ہفتے کا وقت باقی بچا ہے۔ اسی درمیان کانگریس نے آج بدھ کے روز (29 جنوری) کو اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔انتخابی منشور میں خواتین کو 2,500 روپئے فی ماہ کے اقتصادی امداد، 25 لاکھ روپئے تک کا مفت ہیلتھ اسکیم کوریج اور اہم فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے 500 روپئے میں ایل پی جی سلینڈر، مفت راشن کٹ اور گھروں کے لئے 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔اس کے علاوہ سرکاری نوکریوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی شامل ہے۔

انتخابی منشور میں اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو دہلی کی فیملی کو2 کلوچینی، ایک کلوکھانے بنانے کا تیل، 6 کلودال اور 250 گرام چائے پتی سمیت مفت راشن کٹ بھی دی جائے گی۔دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگر پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی اور پروانچلیوں کے لئے ایک وقف وزارت قائم کرے گی۔ راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اجے ماکن نے کہا کہ انتخابی منشور دہلی اور دیگر پارٹی کے زیراقتدار ریاستوں میں کانگریس کے دور اقتدار کے ٹریک ریکارڈ کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں، وہ کرتے ہیں۔کانگریس نے دیگرریاستوں میں الیکشن سے پہلے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے اور دہلی میں بھی ایسا ہی کرے گی۔ پارٹی نے پہلے ہی پانچ گارنٹیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں بے روزگارنوجوانوں کے لئے 8,500 روپئے ماہانہ اسکالرشپ شامل ہے۔ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی نے 5 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لئے پہلے ہی اپنے انتخابی منشور جاری کردیئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button