بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

دہلی:سی آئی ایس ایف کانسٹیبل نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی

نئی دہلی ، 15اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک 22 سالہ کانسٹیبل نے مبینہ طور پر دہلی میں ویلکم میٹرو اسٹیشن کے ٹوائلٹ کے اندر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے جمعہ کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام کو پیش آیاتھا۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ میٹرو اسٹیشن کے واش روم سے رات 8 بجے کے قریب گولی چلنے کی آواز سنی گئی۔متوفی جوان کے پاس سے کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے اور اس کی وجہ سے واقعہ کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، بہار میں رہنے والے جوان کے اہل خانہ کواس سانحہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ لواحقین کے آنے کے بعد ہی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔متوفی جوان بہار کے روہتاس ضلع کا رہنے والا تھا اور اسے سال 2021 میں سی آئی ایس ایف میں کانسٹیبل کے عہدے پر بھرتی کیا گیا تھا۔

جوان ویلکم میٹرو اسٹیشن پر تعینات تھا۔ جمعرات کو واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شاستری پارک میٹرو اسٹیشن پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ کانسٹیبل نے باتھ روم میں سروس ایس ایل آر سے خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔متوفی جوان تقریباً پانچ ماہ قبل ٹریننگ لینے کے بعد آیا تھا۔اس کے ساتھ ہی متوفی جوان اجے کی شادی بھی طے ہوگئی تھی۔اس کی شادی اس سال دسمبر میں ہونی تھی۔ اہل خانہ کے پہنچنے کے بعد پولیس اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کرے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا جوان کسی گھریلو پریشانی کا شکار تھا۔ پولیس نے جوان کے فون کی تفصیلات کی جانچ کے بعد معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button