عیدالاضحیٰ سے قبل دہلی میں سخت ہدایات، عوامی مقامات پر قربانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ
عوامی مقامات پر قربانی کی اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہوگا
نئی دہلی 22 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) عیدالاضحیٰ سے قبل دہلی حکومت اور پولیس انتظامیہ نے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے انتظامات سخت کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا نے تہوار کے دوران جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔
وزیر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر گائے، بچھڑا، اونٹ اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
کپِل مشرا نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر قربانی کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ صرف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قانونی مقامات پر ہی قربانی کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے غیر قانونی جانوروں کی نقل و حمل، غیر قانونی قربانی اور جانوروں پر ظلم کے معاملات میں خصوصی نگرانی اور سخت کارروائی کی ہدایت دی۔
دہلی حکومت کی جانب سے جاری رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ محفوظ اور ممنوعہ جانوروں کی خرید و فروخت یا قربانی قانوناً جرم تصور کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو ایسے معاملات میں فوری ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ادھر عیدالاضحیٰ کے پیش نظر دہلی پولیس نے بھی قومی راجدھانی میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔ مختلف اضلاع میں امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مشرقی دہلی اور شمال مشرقی دہلی سمیت کئی علاقوں میں مقامی افراد، رہائشی تنظیموں اور بازار انجمنوں کے ساتھ میٹنگیں کرکے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بازاروں، مذہبی مقامات اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں پیدل گشت، گاڑیوں کی تلاشی اور نگرانی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔



