دہلی ایکسائز پالیسی کیس: سیسودیا اور دیگر کے 52 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے: ای ڈی
منیش سیسودیا، ان کی اہلیہ اور دیگر سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ 52 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثے ضبط..
نئی دہلی ، 7جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا، ان کی اہلیہ اور دیگر سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ 52 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثے ضبط کیے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اس کارروائی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔ سیسودیا کو ای ڈی اور سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی کیس Delhi Excise Policy Case میں گرفتار کیا تھا۔ای ڈی کے مطابق 52 کروڑ روپے کی اس منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد میں منیش سیسودیا، ان کی بیوی سیما سیسودیا کی دو جائیدادوں کے ساتھ ساتھ راجیش جوشی اور گوتم ملہوترا کی 7 کروڑ 29 لاکھ روپے کی زمین اور فلیٹس بھی شامل ہیں۔ اس قرق کے عمل میں 44 کروڑ 29 لاکھ روپے کی نقدی اور منقولہ اثاثے ہیں۔
اس میں سے 11 لاکھ 49 ہزار روپے سیسودیا کے ہیں اور 16 کروڑ 45 لاکھ روپے برنڈکو سیلز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے ہیں۔ ای ڈی نے اب تک ایکسائز پالیسی میں منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں 13 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سیسودیا کو سی بی آئی نے ایکسائز پالیسی کیس میں 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ سیسودیا کو بعد میں ای ڈی نے اسی کیس سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔چار دن پہلے یعنی 3 جولائی کو دہلی ہائی کورٹ نے بھی منیش سیسودیا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد وہ سپریم کورٹ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی بیوی سیما سیسودیا کی خرابی ٔصحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دی ہے۔



