نئی دہلی ، 18اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک کے دارالحکومت میں کورونا کی دوسری لہر رکنے کے قریب ہے، لیکن ڈینگو اپنے پیر پسار رہا ہے ۔ دریں اثنا ، اس سال ڈینگو کی وجہ سے پہلی موت پیر کو دہلی میں ہوئی ہے۔ ایک 35 سالہ خاتون کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ڈینگو کی وجہ سے فوت کر گئی ہے، جو جنوبی دہلی کے سریتا وہار علاقہ میں رہتی تھی۔
اسی دوران دہلی میں اس سال اب تک ڈینگو کے 723 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اگراکتوبر کے مہینے کی بات کی جائے تو 16 اکتوبر تک ڈینگو کے 382 کیسز سامنے آئے ہیں،تاہم رواں سال 9 اکتوبر تک قومی دارالحکومت میں ڈینگو کے 480 کیسز تھے۔
مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے پیر کو شہری ادارہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں 16 اکتوبر تک ایک شخص ڈینگو سے ہلاک ہوا اور مجموعی طور پر 723 کیس رپورٹ ہوئے۔
2018 کے بعد سے اس عرصے میں یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سال ستمبر میں 217 کیس رپورٹ ہوئے ،جو کہ گزشتہ تین سالوں میں سب سے زیادہ تعداد تھے۔جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی رپورٹ کے مطابق 2020 میں مجموعی طور پر 1072 کیس رپورٹ ہوئے اور دو افراد ہلاک ہوئے،جبکہ 2015 میں ڈینگی کا زیادہ سے زیادہ پھیلاؤ دہلی میں دیکھا گیا۔ اس وقت تقریباً16000 لوگ ڈینگو سے متاثر ہوئے تھے اور 60 افراد ہلاک ہوئے تھے۔



