
دہلی: روہنی عدالت میں فائرنگ ، گینگسٹر جتیندر گوگی کا جج کے سامنے قتل ، دونوں حملہ آور ڈھیر
نئی دہلی،24؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گینگسٹر جتیندر گوگی کو ملک کی راجدھانی دہلی کی روہنی عدالت میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ پیشی پرعدالت میں آئے جتیندر گوگی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ یہ گینگ وار روہنی کورٹ کے کمرہ نمبر 207 کے اندر ہوئی۔ تاہم پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ڈھیرکر دیا۔ فائرنگ میں تین سے چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹلو گینگ کے دو شرپسند انکاؤنٹر میں مارے گئے ہیں۔
یہ دونوں شرپسند وکیل کا لباس پہن کر روہنی عدالت میں داخل ہوئے تھے۔ انہوں نے ہی جتیندر گوگی کو گولی مار ی۔ پولیس ابھی تک ٹلو گینگ کے دونوں شرپسندوں کے ناموں کی تصدیق کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی پرانی دشمنی تھی۔ دارالحکومت میں اس واقعے کے بعد پولیس انتظامیہ اور سیکورٹی کے نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے بتایاکہ پولیس نے دو دن قبل بھتہ خوری کے معاملے میں گینگسٹر جتیندر گوگی کو پکڑا تھا۔
اسے آج عدالت میں پیش ہونا تھا۔ وہاں وکیل کے لباس میں آئے شرپسندوں نے اچانک فائرنگ کردی۔ جتندر گوگی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ شرپسندوں کو معلوم نہیں تھا کہ جتیندر گوگی کے ساتھ اسپیشل سیل کی ایک ٹیم ہے۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شرپسندوں کو ڈھیر کر دیا۔ جتیندر گوگی کادہلی کے سب سے بڑے گینگسٹروں میں شمار ہوتا تھا ۔
دہلی پولیس نے اس پر 4 لاکھ روپئے کا انعام رکھا تھا۔ ہریانہ پولیس نے اس پر ڈھائی لاکھ روپئے کا انعام رکھا تھا۔ گوگی اور اس کے حواری دہلی کے نریلا علاقے میں ایک مقامی لیڈر وریندر مان کے قتل میں ملوث تھے۔ جیتیندر عرف گوگی پر ہریانہ کی مشہور گلوکارہ ہرشیتا دہیا کے قتل کا بھی الزام ہے۔



