قومی خبریں

دہلی میں ہولی پر پابندی، عوامی مقامات پر جشن منانے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ

ہولی پر عوامی تقریبات پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

نئی دہلی 19 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے درمیان حکومت نے ہولی کے تہوار کے موقع پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مقامات پر ہولی نہ منائیں اور ایسے کسی بھی پروگرام سے گریز کریں جس سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہو۔

وزیر صحت نے کہا کہ ہولی کے موقع پر عوامی مقامات پر جشن منانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے دہلی میں ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں، جن کی نگرانی ضلعی مجسٹریٹ اور دہلی پولیس کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے عوامی مقامات پر ہولی کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اس حکم پر سختی سے عمل کرانے کے لیے مختلف ٹیمیں سرگرم رہیں گی۔ اگر کوئی شخص کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دہلی حکومت نے صرف ہولی ہی نہیں بلکہ شب برات اور نوراتری کی عوامی تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ سرکاری حکم کے مطابق تہواروں کے دوران کسی بھی عوامی مقام، پارک، مارکیٹ یا مذہبی مقام پر لوگوں کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ستیندر جین نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ہولی کا تہوار خوشی سے منائیں لیکن اپنے گھروں کے اندر رہ کر۔ انہوں نے کہا کہ تہوار ہر سال آتے رہیں گے، اس لیے عوامی اجتماعات سے بچنا ضروری ہے تاکہ کورونا کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بڑی تعداد میں لوگ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں تو ان کے ایک دوسرے کے رابطے میں آنے سے وائرس کے پھیلنے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے احتیاط ہی سب سے بہتر راستہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button