دہلی : باکس میں بند ملی معصوم بھائی بہن کی نعشیں، علاقہ میں سنسنی
گھر کی چھت پر رکھے صندوق (باکس) سے دو بچوں کی نعشیں ملنے سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔
نئی دہلی ،7جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) قومی راجدھانی دہلی کے جامعہ نگر میں واقع ایک گھر کی چھت پر رکھے صندوق (باکس) سے دو بچوں کی نعشیں ملنے سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ جن بچوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں، وہ بھائی اور بہن ہیں۔ اہل خانہ دونوں بچوں کی ایک دن پہلے سے ہی تلاش کررہے تھے۔ اچانک چھت پر رکھے باکس کو کھولا گیا تو اس میں دونوں کی نعشیں ملیں۔بچوں کی نعشیں دیکھ کر گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ لوگوں نے فورا اس کی اطلاع پولیس کو دی، جس کے بعد اب پولیس جائے واقعہ پر پہنچ کر معاملہ کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے۔ پولیس کو اندیشہ ہے کہ دونوں بچوں کی موت دَم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے، کیونکہ ان کے جسم پر چوٹ کا کوئی نشان نہیں ہے۔دہلی پولیس کے مطابق تھانہ جامعہ نگر کے جوگابائی ایکسٹینشن کے مکان نمبر ایف دو میں دو بچوں کی نعشیں ملنے کے سلسلہ میں ان کے پاس فون آیا تھا۔
اس میں بتایا گیا کہ لکڑی کے ایک پرانے باکس کے اندر دو بچوں بھائی اور بہن کی نعشیں ملی ہیں۔ ان بچوں کا نام نیرج 8 سال اور آرتی 6 سال ہے۔ بچے اس گھر میں اپنے والدین بلبیر کے ساتھ رہتے تھے ،جو چوکیدار کے طور پر کام کرتے ہیں۔مقامی پوچھ گچھ میں پتہ چلا ہے کہ مرنے والے بچوں نے دو پہر تین بجے اپنے والدین کے ساتھ کھانا کھایا اور تقریبا ساڑھے تین بجے اچانک لاپتہ ہوگئے۔ والدین اور دیگر بچوں نے انہیں تلاش کرنا شروع کیا۔ ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ بعد میں ان دونوں کو باکس میں پایا گیا۔ دونوں کی موت ہوچکی تھی۔کرائم ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ جسم پر کوئی چوٹ نہیں ہے اور یہ دم گھنٹے کا معاملہ لگتا ہے۔



