قومی خبریں

دہلی حکومت کا خواتین کو مالی سہارا دینے کا فیصلہ، 2500 روپے ماہانہ اسکیم جلد شروع

جون سے 2500 روپے ماہانہ امداد کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگی

نئی دہلی 11 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) دہلی کی خواتین کے لیے راحت بھری خبر سامنے آئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی دہلی حکومت اب خواتین سے کیا گیا اہم وعدہ پورا کرنے کی تیاری میں مصروف ہے۔ حکومت جون 2026 سے خواتین کو ماہانہ مالی امداد فراہم کرنے والی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبہ کو پہلے ’’مہیلا سمردھی یوجنا‘‘ کے نام سے جانا جا رہا تھا، تاہم اب حکومت اسے ’’دہلی لکشمی یوجنا‘‘ کے نام سے متعارف کرا سکتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت معاشی طور پر کمزور طبقہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کے بینک کھاتوں میں ہر ماہ 2500 روپے منتقل کیے جائیں گے۔ اندازہ ہے کہ تقریباً 17 لاکھ خواتین اس منصوبہ سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے پورٹل مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے اور جون کے پہلے ہفتہ سے اس کے فعال ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں اس منصوبہ کے لیے 5100 کروڑ روپے مختص کیے ہیں تاکہ خواتین کو براہ راست مالی مدد فراہم کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بھی اسی مقدار کا بجٹ رکھا گیا تھا، لیکن مستحق خواتین کے مکمل اعداد و شمار دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اسکیم کے نفاذ میں تاخیر پیش آئی تھی۔ اس مرتبہ حکومت نے منصوبہ کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے سخت اہلیتی شرائط مقرر کی ہیں۔

حکام کے مطابق صرف وہی خواتین اس امدادی منصوبہ سے فائدہ اٹھا سکیں گی جو خط افلاس کے زمرہ میں شامل ہوں گی۔ درخواست گزار خاتون کے لیے دہلی کا آدھار کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کو محکمہ ترقی خواتین و اطفال کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا، جس کی نگرانی وزیر اعلیٰ کے دفتر کے تحت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کئی مواقع پر یقین دہانی کرائی ہے کہ اسکیم کو مکمل شفافیت اور مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ نافذ کیا جائے گا تاکہ مستحق خواتین تک براہ راست مالی امداد پہنچ سکے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ اس قدم سے خواتین کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ان کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button