ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایئر انڈیا کے ملازم سمیت کئی لوگوں پر ایف آئی آر
سی بی آئی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں پیر کو بڑی کارروائی کی
نئی دہلی ،28اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سی بی آئی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں پیر کو بڑی کارروائی کی ہے۔ جانچ ایجنسی نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پون کھتری، ایئر انڈیا کے ملازم دیپک سنگوان، کلیریجز ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے سی ای او وکرمادتیہ اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ ایف آئی آر مجرمانہ سازش، سرکاری ملازم کو رشوت دینے، بدعنوان طریقوں سے یا ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرکے ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے سرکاری ملازم کو متاثر کرنے سے متعلق جرائم کے تحت درج کی گئی ہے۔سی بی آئی نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پون کھتری کیخلاف شراب کے تاجر امن دیپ ڈھلو کی طرف سے مبینہ طور پر پانچ کروڑ روپے کی ادائیگی کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کو اس معاملے میں گرفتار دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے منیش سیسودیا کو نیا بینک کھاتہ کھول کر تنخواہ نکالنے کی اجازت دی تھی۔سی بی آئی اور ای ڈی دونوں تحقیقاتی ایجنسیوں نے شراب گھوٹالے میں سیسودیا کو ملزم بنایا ہے۔ سیسودیا کے تمام اکاؤنٹس کو جانچ ایجنسیوں نے منجمد کردیئے ہیں۔ کیس کی اگلی سماعت 22 ستمبر کو ہوگی۔ سیسودیا نے حال ہی میں میڈیکل اور دیگر اخراجات کے لیے بینک اکاؤنٹ سے کچھ رقم نکالنے کی اجازت مانگی تھی۔



