قومی خبریں

دہلی منڈکا آتشزدگی: 27 مہلوکین میں سے صرف 5 کی ہوسکی شناخت، باقی کا ہوگا ڈی این اے ٹیسٹ

نئی دہلی ،14مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جمعہ کی شام کو منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب لگنے والی زبردست آگ میں 27 افراد ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ آج صبح تک فائر فائٹرز نے مسخ شدہ حالت میں 2-3 نعشیں نکالی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 29-30 ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔دہلی پولیس کے بیرونی ضلع کے ڈی سی پی سمیر شرما نے بتایا کہ سنجے گاندھی میموریل اسپتال میں اب بھی 27 لاشیں موجود ہیں، جن میں سے 5 کی شناخت ان کے رشتہ داروں نے کر لی ہے۔

اس کے ساتھ ہی جن کی شناخت نہیں ہوسکی، ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 29 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے 24 خواتین اور 5 مرد ہیں۔اس دوران دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بھی کہا ہے کہ ہم نے کل 30 فائر ٹینڈر بھیجے تھے اور 125 لوگوں کو کام کے لیے لگایا تھا۔

سی ایم کیجریوال نے مجسٹریل انکوائری کا دیا حکم

دہلی فائر سروس کے اہلکاروں نے رات تک 27 نعشیں نکالیں۔ اس کے ساتھ ہی صبح کچھ نعشوں کے حصے ملے ہیں جس سے لگتا ہے کہ مزید 2 سے 3 لاشیں ہوں گی۔ مرنے والوں کی کل تعداد 29-30 بتائی جا رہی ہے۔دوسری جانب ملک کے صدرجمہوریہ، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر داخلہ اور دیگر نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین کو پی ایم ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور دہلی حکومت کی طرف سے ہر ایک کو 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کمپنی کے مالکان ہریش گوئل اور ورون گوئل کو دہلی پولیس نے اس خوفناک آتشزدگی کے لیے گرفتار کر لیا ہے اور وہ پراپرٹی کے مالک منیش لاکرا کی تلاش کر رہی ہے، جو اس واقعے کے بعد سے فرار بتائے جاتے ہیں۔ ڈی سی پی کے مطابق دہلی پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 304/308/120/34 درج کی ہے۔ 462/22 درج ہے۔وہیں وزیراعلیٰ کجریوال نے اس کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے ۔

کمپنی کے گرفتار مالکان ورون اور ہریش گوئل کے والد امرناتھ گوئل کی بھی آگ لگنے سے موت ہو گئی ہے۔ جب آگ لگی تو موٹیویشنل اسپیچ جاری تھی۔ امرناتھ وہاں موجود تھے۔ آگ میں پھنس گئے اور باہر نہ نکل سکے۔ جس کی وجہ سے وہ شدید جھلس گئے اور اسپتال میں دم توڑ دیا۔اس تین منزلہ عمارت میں پہلی منزل پر مینوفیکچرنگ یونٹ تھا جبکہ دوسری منزل پر گودام اور تیسری منزل پر لیبارٹری تھی۔ اب تک سب سے زیادہ اموات دوسری منزل پر ہوئی ہیں۔ مکان کے مالک نے عمارت کی چھت پر ایک چھوٹا سا فلیٹ بنا رکھا تھا۔ فائر ڈپارٹمنٹ اور این ڈی آر ایف نے صبح دوبارہ تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔

عمارت میں تین سے چار افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق کمپنی کے مالکان ہریش گوئل اور ورون گوئل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم مالک مکان مفرور ہے۔ اس کی شناخت منیش لاکرا کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق وہ عمارت کی سب سے اوپر کی منزل پر رہتا تھا۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دہلی فائر سروس کے سربراہ اتل گرگ نے کہا کہ آپریشن میں کوئی فائر فائٹر زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تک چھ فائر ٹینڈر موقع پر تعینات تھے۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع جمعہ کی شام 4 بجکر 45 منٹ پر ملی جس کے بعد 30 سے زائد فائر ٹینڈرز موقع پر بھیجے گئے۔ آگ منڈکا میٹرو اسٹیشن کے پلرنمبر 544 کے قریب ایک تجارتی عمارت میں لگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button